آئندہ انتخابات سے قبل بے نظیر کے تمام بچے عملی سیاست میں، بلاول
27 دسمبر 2013سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی کے سلسلے میں رات گئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے ان کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
برسی کی مرکزی تقریب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔ گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے خاندان کے مخصوص انداز میں تقریر کی۔ دوران تقریر ان پر اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کا رنگ غالب رہا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے وہ کام کیا جو اسٹیبلیشمنٹ نہ کرسکی: ’’ہم نے دنیا کو دکھایا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ماں کی قبر پر کھڑے ہوکر بھی نفرتوں کا کاروبار نہیں کیا۔ بلال بھٹو کا کہنا تھا کہ پنجابی اسٹیبلشمنٹ نہیں چاہتی تھی کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بکھرے ہوئے نہیں ہے ہم متحد ہیں۔ بلاول بھٹو نے ایوان پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پنجاب میں دہشتگردوں کا ساتھ دینا چھوڑ دیں گے تو میں بھی شیر کا نعرہ لگاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ جو دہشتگردوں کا یار ہے وہ غدار ہے۔
برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا قیام پاکستان سے اب تک ملک میں سیاسی قوتوں کو لڑایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا آج سب کو متحدہونا ہوگا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں آگے کی طرف دیکھنا ہوگا۔ دنیا ہم سے آگے چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کامیابی کے لیے وہ میاں صاحب کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب اعلان کیا گیا کہ بے نظیر بھٹو کے تمام بچے آئندہ انتخابات سے قبل عملی سیاست میں آ جائیں گے۔
بلاول بھٹو کے اس اعلان نے جہاں سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے وہیں دوسری جانب ماضی کی تلخیوں کے شکار پیپلزپارٹی کے جیالوں کے لیے بھی امید کی ایک کرن نمودار ہوئی ہے۔ مبصرین کے مطابق بلدیاتی انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ اقدام ناصرف پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں فائدہ دے گا بلکہ پیپلز پارٹی کی وہ ساکھ بھی بحال کرے گا جو گزشتہ دور حکومت میں خراب ہوئی تھی۔