آرٹ پیِس: قیدی مصوروں کے فن پارے
پاکستان میں قیدیوں کے بارے میں عام طور پر نہ تو کچھ زیادہ مثبت رائے پائی جاتی ہے اور نہ ہی یہ تصور کہ جیلیں سزا یافتہ افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنا سکتی ہیں۔ کراچی میں جاری ایک نمائش نے اس تصور کو بدلنے کی کوشش کی ہے۔
آرٹ گیلری میں نمائش
کراچی کی ایک نجی آرٹ گیلری ’آرٹ سٹی‘ میں کراچی سینٹرل جیل کے قیدیوں کے تیار کردہ فن پاروں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
آرٹ پِیس
اس نمائش کو آرٹ پِیس Artpeace کا عنوان دیا گیا ہے۔ 21 فروری سے شروع ہونے والی یہ نمائش 27 فروری تک جاری رہے گی۔
13 قیدیوں کے 112 فن پارے
آرٹ پِیس نمائش میں سینٹرل جیل کراچی کے 13 قیدیوں کے بنائے گئے 112 فن پاروں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
جیل میں فائن آرٹس اسکول
کراچی سینٹرل جیل میں قائم فائن آرٹس اسکول میں تربیت حاصل کرنے والے ان قیدیوں نے مصوری کے مختلف اسلوب کے ذریعے اپنے فن کو اجاگر کیا ہے اور آرٹ کو اپنے خیالات و جذبات کے اظہار کا ذریعہ بنایا ہے۔
آئل اور واٹر کلر کے علاوہ چارکول کا استعمال
اس نمائش میں رکھے جانے والے ان فن پاروں میں آئل پینٹنگز کے علاوہ واٹر کلر اور چارکول کا خوبصورت استعمال بھی نظر آتا ہے۔
فنکاروں کی پزیرائی
نمائش کو ملنے والی پزایرائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف پانچ دنوں میں ہی زیادہ تر فن پارے فروخت ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔
خیالات کا عکس
رسیوں کو توڑتے ہاتھ، ادھ کھلے دروازے سے باہر جھانکتا بچہ یا کسی گاؤں کے پس منظر میں بنائی گئی بعض تصاویر میں سلاخوں کے پیچھے قید ان مصوروں کے خیالات کا عکس واضع طور سے جھلکتا نظر آتا ہے۔
تجریدی آرٹ
ان پابند سلاسل فنکاروں نے کیلی گرافی، خوبصورت لینڈ اسکیپنگ اور تجریدی آرٹ کے ذریعے اپنے احساسات اور اپنی آواز کو لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
2008ء سے سینٹرل جیل کے قیدیوں کی تربیت
سکندر جوگی سن 2008 سے سینٹرل جیل کے قیدیوں کو مصوری کی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
زندگی کی جانب مثبت انداز
جوگی کے مطابق مختلف جرائم کی پاداش میں سزا کاٹنے والے ان مصور قیدیوں کو اس ہنر نے زندگی کی جانب مثبت انداز میں بڑھنے کا عزم دیا ہے۔
پہلے گھنٹے میں 30 فن پارے فروخت
نمائش میں رکھی گئی تصاویر کی قیمت سات ہزار سے نو ہزار کے درمیان رکھی گئی ہے۔ نمائش کے آغاز کے پہلے ہی گھنٹے میں ان فنکاروں کی 30 پینٹنگز فروخت ہوئیں۔
آمدنی جیل کے فائن آرٹس اسکول کے لیے
آرٹ پِیس نمائش کے دوران فن پاروں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سینٹرل جیل کراچی میں قائم فائن آرٹس اسکول کو دی جائے گی، جہاں ان جیسے مزید قیدیوں کو بھی مصوری کی تربیت دی جائے گی۔
قیدیوں کا مثبت تاثر
آرٹ گیلری کے مہتمم کے مطابق اس نمائش کا مقصد ان مصور قیدیوں کو پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دینا اور بہتر طرز زندگی کی جانب مائل ہونے میں مدد دینا ہے۔