1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریا اور ہنگری میں عوامی رائے، تارکین وطن پریشان

عابد حسین7 ستمبر 2016

تقریباً ایک برس بعد یورپ پہنچنے والے تارکین وطن کو اندیشوں اور پریشانیوں نے گھیر ے میں لے رکھا ہے۔ یورپی یونین کے مہاجرین سے متعلق پالیسی سازوں کو ہنگری اور آسٹریا میں گھمبیر صورتحال کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JxIs
تصویر: Getty Images/AFP/Stringer

براعظم یورپ کے دو ملکوں میں دو اکتوبر کے روز ہونے والے انتخابی عمل کو سارے خطے میں انتہائی اہمیت حاصل ہو چکی ہے۔ ہنگری میں وزیراعظم وکٹور اوربان نے ایک ریفرنڈم میں اپنی عوام سے یورپی یونین کے تارکینِ وطن کے لیے مقرر کوٹے کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا سوال پوچھ رکھا ہے۔ دوسری جانب جرمنی کے ہمسایہ ملک آسٹریا میں صدارتی الیکشن کے ایک نئے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ سابقہ صدارتی الیکشن کے نتیجے کو دستوری عدالت نے تسلیم نہ کرتے ہوئے تحلیل کر دیا تھا۔ محتاط اندازوں کے مطابق اِس انتخابی مرحلے میں قدامت پسند سیاسی جماعت فریڈم پارٹی کے امیدوار نوربیرٹ ہوفر کی پوزیشن پہلے کے مقابلے میں بہتر محسوس کی جا رہی ہے۔

اِس تناظر میں آسٹریا اور ہنگری میں تارکین وطن سے متعلق یورپی یونین کی پالیسیوں کو سخت مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ آسٹریا میں اِس وقت ایک لاکھ دس ہزار سے زائد تارکین وطن پناہ لیے ہوئے ہیں اور اُن کی درخواستوں پر دفتری کارروائی جاری ہے۔ ایسے میں اگر فریڈم پارٹی کے نوربیرٹ ہوفر صدر بن جاتے ہیں تو یہ پورپی یونین کی مہاجرین سے متعلق پالیسی کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ثابت ہو گا۔ وکٹور اوربان کی ہنگری کے ریفرنڈم میں کامیابی سے اندازے لگائے گئے ہیں کہ وہ تارکین وطن مخالف پالیسیوں کو اپنے ملک کے ہمسایوں سمیت دوسرے یورپی ملکوں میں بھی متعارف کرانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

Flüchtlinge an der Grenze zwischen Österreich und Slowenien
جرمن اور آسٹریا کے مستعفی ہو جانے والے چانسلر نے گزشتہ برس ہزارہا تارکین وطن کے لیے یورپی دروازے کھول دیے تھےتصویر: Reuters/L. Foeger

اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے UNHCR نے واشگاف انداز میں ہنگری کی ریفیوجی پالیسی پر تنقید کی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ہنگری کے وزیراعظم وکٹور اوربان کے موقف اور کوٹا سسٹم کے حوالے سے جو نکتہ نظر ہے، اُس پر تنقید سے گریز کیا گیا ہے کیونکہ اِسے اندرونی معاملہ خیال کیا جاتا ہے۔ ہنگری میں تارکین وطن کے حق میں انسانی حقوق کے کارکن بولتے ہیں یا پھر غیر اہم اپوزیشن کی آواز گاہے گاہے بلند ہوتی ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور آسٹریا کے مستعفی ہو جانے والے چانسلر ویرنر فے مان نے گزشتہ برس یورپی یونین کے مہاجرت کے قوانین کو معطل کرتے ہوئے ہزارہا تارکین وطن کے لیے یورپی دروازے کھول دیے تھے۔ اِس صورت کے بعد آسٹریا کے چانسلر ویرنر فے مان کو بحرانی صورت حال کے ساتھ ساتھ ملکی صدارتی الیکشن میں اپنی پارٹی کے امیدوار کی شکست پر مستعفی ہونا پڑا۔ اِدھر جرمنی میں میرکل کو بھی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ گزشتہ ویک اینڈ پر اُن کی جماعت کو ایک صوبے کے انتخابات میں بھاری شکست کا سامنا رہا۔