آسکر ایوارڈز کی دوڑ: چند اہم فلمیں
1 دسمبر 2010فلمی صنعت کے مبصرین اور نا قدین کا خیال ہے کہ ایوارڈز سیزن میں تین چار فلمیں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہو سکتی ہیں۔ ان میں بلیو ویلنٹائن، سالٹ اور دی گھوسٹ رائٹرز کے نام خاص طور پر لئے جا رہے ہیں۔ ان کے علاوہ ہیری پوٹر سیریز کی نئی فلم بہترین تاثراتی یا ایفیکٹ کیٹگری میں اہمیت حاصل کر سکتی ہے۔ گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی ‘‘دی کنگز سپیچ’’ بھی بڑی فلموں میں شمار کی جا رہی ہے۔ اس فلم میں اداکار کولن فرتھ کے کردار کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ یہ فلم برطانوی بادشاہ جورج ششم کی ہکلاہٹ کے بارے میں ہے۔
سالٹ نامی فلم ایک انتہائی دلچسپ اور معیاری تھرلر ہے۔ ہدایتکار فلپ نوائس کی نگرانی میں بننے والی فلم سالٹ کی مرکزی اداکارہ انجلینا جولی ہیں۔ مبصرین کو خاصا یقین ہے کہ جولی اس فلم میں بہترین اداکارہ کی کیٹگری میں نامزد ہونے کے بعد اُس جیوری کو بھی متاثر کر سکتی ہیں جن کی آراء یا ووٹنگ پر ہی آخرکار اکیڈیمی ایوارڈ دیا جاتا ہے۔
ایسی ہی ایک رومانی فلم ‘‘بلیو ویلنٹائن’’ ہے۔ اس کے اداکاروں اور فلم سازوں کا خیال ہے کہ یہ فلم اکیڈیمی ایوارڈز میں دو تین ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ اس فلم میں مشیل ویلمزکی شاندار اداکاری یقینی طورپرانجلینا جولی کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ ابھی تک یہ فلم چند فلمی میلوں میں دکھائی گئی ہے۔ اس کی ریلیز اسی ماہ کرسمس کے موقع پر کی جائے گی۔ ‘‘بلیو ویلنٹائن’’ فلم میں بقیہ اداکار بھی اپنی زوردار پرفارمنس ابھی سے آسکر کی امیدیں لگائے ہوئے ہیں۔
آسکر ریس میں ایک اور فلم دی گھوسٹ رائٹر بھی شامل ہے۔ یہ مشہور زمانہ ہدایتکار رومن پولانسکی کی فلم ہے۔ رومن پولانسکی کی ایک سابقہ فلم دی پیانسٹ کو بہترین فلم کا آسکر ایوارڈز دیا جا چکا ہے۔ یہ رابرٹ ہیرس کے ناول پر بنائی گئی ہے۔ اس فلم کی ہدایتکاری پر رومن پولانسکی کو برلن کے بین الاقوامی میلے میں بہترین ہدایتکار کا سلور بیئر ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔ امریکہ اور یورپ کے فلم ناقدین ‘‘دی گھوسٹ رائٹر’’ کو سال کی بہترین فلم خیال کرتے ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ