آسکر کی تقریب، لفافے بدل گئے
لاس اینجلس میں آسکر ایوارڈ کی تقریب کے دوران ایک بڑی غلطی اس وقت ہوئی جب میزبان نے غلط لفافہ کھولتے ہوئے ’مون لائٹ‘ کی جگہ ’لا لا لینڈ‘ کو بہترین فلم قرار دے دیا تھا۔ آسکر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس طرح کی غلطی ہوئی ہے۔
ایما سٹون کے لیے بڑی کامیابی
امریکی اداکارہ ایما سٹون کو فلم لا لا لینڈ میں ان کی کارکردگی پر بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ دیا گیا۔ ان کی عمر اٹھائیس سال ہے۔ اس طرح ان کا نام کم عمری میں آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ لا لا لینڈ کو چودہ مختلف شعبوں میں آسکر کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ لا لا لینڈ کو کل چھ آسکرز ملے، جن میں ہدایت کاری، موسیقی اور عکس بندی کے ایوارڈ بھی شامل ہیں۔
بہترین فلم
مون لائٹ کو بہترین فلم کا آسکر دیا گیا۔ اس فلم کو آٹھ مختلف کیٹیگریز میں آسکر کے لیے نامزد کیا گیا تھا تاہم یہ فلم تین آسکر جیت پائی۔ اس فلم کے ہدایتکار بَیری جَینکنز ہیں۔
کیسی ایفلَیک کی نئی پہچان
کیسی ایفلَیک آخر کار اپنے بھائی بین ایفلک کے اثر سے باہر نکلتے ہوئے اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ انہیں’مانچسٹر بائی دا سی‘ میں ان کی اداکاری پر بہترین اداکار کے آسکر کا حقدار ٹھہرایا گیا۔
چمکتا دمکتا ستارہ
امریکی اداکار ماھر شالا علی کی اس وقت خوشی کی انتہا نہیں رہی جب بہترین معاون اداکار کے آسکر کے لیے ان کے نام کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے مون لائٹ میں ایک منشیات فروش کا کردار ادا کیا ہے۔
ویؤلا ڈیوس کے لیے بھی آسکر
امریکی اداکارہ ویؤلا ڈیوس اس وقت انتہائی جذباتی ہو گئیں، جب جیوری نے انہیں بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا۔ انہیں یہ ایوارڈ ’ فینس‘ نامی فلم میں ان کے کردار پر دیا گیا۔ انہوں نے پرنم آنکھوں کے ساتھ تقریب سے خطاب کیا اور یہ آسکر ایوارڈ اپنے بچوں سے منسوب کر دیا۔
سیلز مین بہترین غیر ملکی فلم
ایرانی ہدایتکار اصغر فرہادی کی تخلیق ’دا سیلز مین‘ کو غیر ملکی زبان کی بہترین فلم قرار دیا گیا۔ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلم اکثریتی سات ممالک پر سفری پابندیوں کے منصوبے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ اس موقع پر ان کا ایک خط پڑھ کر سنایا گیا۔
اعزازی آسکر
ڈیڑھ سو سے زائد فلموں میں کام کرنے والی ہالی وڈ کے اداکار جیکی چن کو لاس اینجلس کی فلم اکیڈمی کی جانب سے اعزازی آسکر دیا گیا۔ باسٹھ سالہ چن کا تعلق ہانگ کانگ سے ہے اور اب وہ کہانی نویس، ہدایتکار اور پروڈیسر کے طور پر کام کرتے ہیں۔
بہترین دستاویزی فلم
اورلانڈو فان آنزائڈل اور جوآنا ناتازیگارا کو ان کی دستاویزی فلم ’دا وائٹ ہیلمٹس‘ پر آسکر دیا گیا۔ یہ فلم انہوں نے شام میں خانہ جنگی کے دوران بنائی ہے۔ آنزائڈل نے اس موقع پر یہ کہتے ہوئے لوگوں کو غمزدہ کر دیا،’’اس فلم میں دکھائی دینے والے زیادہ تر لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔‘‘
چائلڈ اسٹار سنی پور
آج سے کچھ مہینوں قبل تک بھارتی چائلڈ اسٹار سنی پور ایک غیر معروف ادکار تھے۔ اب فلم ’لائن‘ میں انہیں ان کے کردار کی وجہ سے ابھرتے ہوئے بہترین ادکار کا آسکر دیا گیا۔ اس ایوارڈ کے بعد فلمی دنیا کے کئی دروازے ان پر کھل گئے ہیں۔
لفافے کیسے لائے گئے؟
انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں آسکر کے لفافے اِن بیگوں میں لائے گئے۔ ان بیگوں کو تالا لگا ہوتا ہے اور ان میں موجود لفافوں کو اسٹیج پر ہی کھولا جاتا ہے۔ لاس اینجلس میں ہونے والی آسکر تقریب دنیا بھر میں براہ راست نشر کی گئی۔