آفریدی نے ’کوڈ آف کنڈکٹ‘ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرلیا
2 جون 2011تنازعات میں گھرے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے کرکٹ بورڈ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔
اکتیس سالہ شاہد آفریدی نے چند روز قبل بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کردیا تھا۔ اس اعلان کے ساتھ آفریدی نے پاکستان کے کرکٹ بورڈ یا پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداروں پر کڑی نکتہ چینی بھی کی تھی۔
جواب میں پی سی بی نے آفریدی کا سینٹرل کنٹریکٹ معطل کردیا تھا اور ان کے وہ ’نو آبجیکشن سرٹیفکفٹس‘ بھی واپس لے لیے تھے جس کے ذریعے آفریدی بیرون ِملک کرکٹ کھیل سکتے تھے۔ بورڈ نے ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آفریدی کو حکم دیا تھا کہ وہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی وجہ پیش کریں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان ندیم سرور کا کہنا ہے کہ آفریدی نے ’شو کاز نوٹس‘ کا جواب دے دیا ہے، اور اس میں انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ وہ بورڈ کے ساتھ طے شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ندیم سرور کا کہنا ہے کہ آفریدی کے کیس سے متعلق آئندہ اقدامات کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے ٹیم کے کوچ وقار یونس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ٹیم کے انتخاب میں بے جا مداخلت کرتے ہیں۔ پی سی بی نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں آفریدی کے بجائے مصباح الحق کو ٹیم کا کپتان مقرّر کیا تھا۔
آفریدی اس وقت برطانیہ میں ہیں جہاں وہ ہیمپشائر کے لیے ٹوئنٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے کے لیے آئے تھے۔ تاہم انگلینڈ اور ویلز کے کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی جانب سے آفریدی پر پابندی عائد کیے جانے کے فیصلے کے بعد آفریدی کو لیگ کھیلنے سے منع کردیا ہے۔
قبل ازیں شاہد آفریدی نے پاکستانی صدر آصف علی زرداری سے اس تنازعے میں مداخلت کی درخواست بھی کی تھی۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد