1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اتحاد ایئرویز کی فلسطینی امداد کے لیے دوسری پرواز

9 جون 2020

اتحاد ایئرویز کی اسرائیل کے لیے دوسری پرواز منگل کے روز روانہ ہوئی۔ ابوظہبی کی اس ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس پرواز کے ذریعے فلسطینیوں کے لیے طبی امداد بھیجی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3dXV9
Etihad Airways Boeing 777-3FX
تصویر: Reuters/J. Naegelen

ابوظہبی کی اتحاد ایئر لائنز کے ایک ترجمان کے مطابق منگل کو اسرائیل کے لیے خصوصی پرواز  بھیجی گئی ہے جو فلسطینیوں کے لیے طبی امداد لے کر جانے والی دوسری پرواز ہے۔

اس سلسلے کی پہلی پرواز 19 مئی کو متحدہ عرب امارات کی ایک ایئر لائن کے ذریعے اسرائيل بھیجی گئی تھی۔ ایک ايسے وقت ميں جب دنیا کے بیشتر ممالک کو کورونا وائرس کے خلاف جنگ ميں بنیادی طبی اشیا اور حفاظتی سامان کی شدید قلت کا سامنا ہے فلسطینیوں کو نئی جنگ سے لڑنے میں مدد کے ليے سامان کی فراہمی ضروری تھی۔

Etihad Airways Flugzeug
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Jebreili

اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر برائے مشرق وسطی (یو این ایس سی او)  کے تعاون سے 16 ٹن سامان کی کھیپ پہلی پرواز کے ذريعے بھیجی گئی تھی۔  

تاہم ، فلسطینی حکام نے اسے وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ فلسطینی حکام کے بقول شپمنٹ کے بارے ميں ان کے ساتھ کوئی رابطہ کاری نہیں کی گئی تھی۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس کے بعد اس سامان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ پہلی کھیپ کے سلسلے ميں فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان کے تبصرے کے لیے رابطہ نہ ہو سکا۔

ابوظہبی سے منگل کو روانہ کی جانے والی پرواز کے بارے ميں اتحاد کے ترجمان نے روئٹرز کو ای میل کے ذریعے بتایا،''اتحاد ایئر ویز کی پہلی پرواز کی طرح منگل کو ابوظہبی سے کارگو طیارہ روانہ کیا گیا ہے اور اس ميں کوئی مسافر سوار نہيں ہے۔‘‘ اتحاد ایئرویز کی خاتون ترجمان کے بقول،''ایئرلائن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے۔‘‘

اسرائیل کے نہ متحدہ عرب امارات اور نہ ہی دوسرے پانچ خلیجی عرب ممالک میں سے کسی کے ساتھ سفارتی تعلقات ہیں اور ان کے درمیان تجارتی پروازوں کا بھی کوئی سلسلہ نہيں ہے۔

تاہم ، خطے میں ایران کے اثر و رسوخ پر مشترکہ خدشات کے سبب اسرائیل اور خلیج کے عرب ممالک کے مابین خراب تعلقات حالیہ برسوں میں کچھ بہتر ہوئے ہيں۔

ایک اسرائیلی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ منگل کو متحدہ عرب امارات سے فلسطینیوں کے ليے اتحاد کی فلائٹ شپمنٹ مکمل کر لی گئی۔

ک م/  ع ا  /   ايجنسیاں