1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ادب و ثقافت کی دنیا سے، مختصر مختصر

زبیر بشیر 13 اگست 2013

اگست نامور گلوکاروں نصرت فتح علی خاں اور نازیہ حسن کے بچھڑ جانے کی تکلیف دہ یاد لے کر آتا ہے۔ 9 اگست کو آنجہانی امریکی گلوکارہ وٹنی ہیوسٹن کا 50 واں یوم پیدائش منایا گیا۔ ’دی بٹلر‘ ایک نئے انداز کی تاریخی فلم ہے۔

https://p.dw.com/p/19OhM
امریکی گلوکارہ وٹنی ہیوسٹن
امریکی گلوکارہ وٹنی ہیوسٹنتصویر: dapd

برصغیر کے نامور گلوکار اور موسیقار استاد نصرت فتح علی خان

دم مست قلندر سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے اور قوالی کے فن کو نئی جہت دینے والے استاد نصرت فتح علی خاں کو ہم سے جدا ہوئے سولہ برس بیت چکے ہیں لیکن ان کی بنائی ہوئی دھنیں اورکلام آج بھی کانوں میں رس گھول رہا ہے۔ نصرت فتح علی خاں 13 اکتوبر 1948ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ میٹرک کے بعد انہوں نے گلوکاری سیکھی۔ 1965ء میں نصرت فتح علی خاں نے باقاعدہ گروپ تشکیل دے کر قوالی سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ نصرت فتح علی خاں نہ صرف برصغیر پاک وہند بلکہ دنیا بھر میں مقبول تھے،گلوکاری کے میدان میں شاید ان کا خلاء مدتوں پورا نہ ہو سکے۔

پاپ سنگر نازیہ حسن کی 13ویں برسی

عالمی شہرت حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی پاپ سنگر نازیہ حسن 3 اپریل 1965ء کو پیدا ہوئیں۔ ان کی 13 ویں برسی منگل 13 اگست کو منائی گئی۔ انہوں نے 1980ء میں صرف 15سال کی عمر میں پاپ گلوکارہ کی حیثیت سے پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا۔ انہوں نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر بہت سے خوبصورت سدا بہار فلمی گیت گائے، جن میں بھارتی اداکار فیروز خان کی فلم قربانی کا گیت ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے ‘‘ نازیہ حسن کو شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔ اس کے بعد انہوں نے درجنوں دیگر زبردست مقبول نغمے بھی گائے، جن سے نازیہ حسن کو دنیا بھر میں پہچان ملی۔ انہوں نے متعدد کمرشلز میں بھی کام کیا۔ نازیہ حسن 1999ء میں کینسر کے عارضے میں مبتلا ہو گئیں۔ انہیں علاج کے لیے لندن منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں اور 13اگست 2000ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

نصرت فتح علی خاں
نصرت فتح علی خاںتصویر: AP

آں جہانی وٹنی ہیوسٹن کا 50 واں یومِ پیدائش

مایہ ناز امریکی گلوکارہ وٹنی ہیوسٹن گزشتہ سال گیارہ فروری کو صرف اڑتالیس برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ اب سے چند روز قبل 9 اگست کو اُن کا پچاس واں یوم پیدائش منایا گیا۔ اُن کا پہلا البم 1985ء میں ’وٹنی‘ کے نام سے سامنے آیا تھا اور اُس نے ہر طرف تہلکہ مچا دیا تھا۔ وٹنی ہیوسٹن کے گیتوں کے مجموعی طور پر 170 ملین البمز فروخت ہوئے اور وہ اپنے دور کی کامیاب ترین گلوکاراؤں میں سے ایک مانی جاتی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کا یوم آزادی نئے انداز میں

چودہ اگست کو پاکستان اور پندرہ اگست کو بھارت کا یوم آزادی ہے۔ اس موقع کی مناسبت سے بھارتی اشاعتی ادارے انڈی رِیڈز کی روح رواں خواتین ناہید حسن اور صباحت محمد نے ’لَوّ اکراس بارڈرز‘ کے نام سے پاکستانی اور بھارتی ادیبوں کی تخلیق کردہ ایسی کہانیوں کا مجموعہ شائع کیا ہے، جن میں محبت، ربط و ضبط اور سرحدوں سے بالا تر دوستی جیسے موضوعات پر قلم اٹھایا گیا ہے۔ ناہید حسن نے بتایا:’’اتنے برسوں میں ہم نے تقسیم، دکھ اور محرومی کی تو سینکڑوں کہانیاں سنی ہیں لیکن اس بار سوچا کہ آزادی کے دن کو امید، شراکت اور ایک بہتر آنے والے کل کے امکان کے ساتھ منایا جائے۔‘‘

سیاہ فام امریکی اداکار فاریسٹ وِٹیکر
سیاہ فام امریکی اداکار فاریسٹ وِٹیکرتصویر: picture-alliance/dpa

ہالی وُڈ فلم ’دی بٹلر‘: تاریخ ایک نئے زاویے سے

ہالی وُڈ میں بننے والی تاریخی فلموں میں تاریخ کو اب تک سفید فاموں کے نقطہء نظر سے بیان کیا جاتا رہا ہے۔ سولہ اگست کو ریلیز ہونے والی تازہ فلم ’دی بٹلر‘ ذرا مختلف ہے۔ اس میں وائٹ ہاؤس میں بٹلر کے طور پر کام کرنے والے حقیقی کردار یُوجین ایلن کی زندگی کو موضوع بنایا گیا ہے، جو ایک سیاہ فام ہے۔ اس بٹلر نے آئزن ہاور اور ریگن سے لے کر باراک اوباما تک مسلسل آٹھ امریکی صدور کے لیے خدمات انجام دی ہیں۔ فلم میں یہ کردار اداکار فاریسٹ وِٹیکر نے ادا کیا ہے۔

سلیم اور سلیمان مرچنٹ اب ہالی وڈ میں

بالی وُڈ میں ’بینڈ باجا بارات‘، ’رب نے بنا دی جوڑی‘ اور ’فیشن‘ جیسی فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دینے والی بھارتی موسیقار جوڑی سلیم اور سلیمان مرچنٹ نے پہلی مرتبہ ہالی وُڈ کی ایک فلم ’سولڈ‘ کے دو گیتوں کے لیے موسیقی تخلیق کی ہے۔ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ ہدایتکار جیفری ڈی براؤن کی اس فلم میں انسانی اسمگلنگ کو موضوع بنایا گیا ہے اور اس فلم کی شوٹنگ بھی بھارت ہی میں ہوئی ہے۔ اس موسیقار جوڑی کی آنے والی فلمیں ہیں، ’ستیہ گرہ’، ’کرِش تھری‘ اور ’کانچی‘۔