1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل اور اوباما انتظامیہ میں بڑھتی ہوئی ’کشیدگی‘

28 دسمبر 2016

اسرائیل نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نئے یہودی گھروں کی تعمیر کی منظوری آج موخر کر دی ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مزید بین الاقوامی حمایت کے لیے یہودی گھروں کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف ایک تقریر کرنے والے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2UyUj
Treffen Obama Netanjahu
تصویر: Reuters/K. Lamarque

آج اسرائیلی حکومت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مزید یہودیوں گھروں کی تعمیر کی منظوری دینے والی تھی لیکن امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی ممکنہ تقریر کی وجہ سے اس منظوری کو موخر کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ جمعے کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی غیر موجودگی کی وجہ سے اسرائیل مخالف ایک قرار داد منظور کر لی گئی تھی، جس میں اسرائیل سے مقبوضہ علاقوں میں نئے یہودی گھروں کی تعمیر روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

یہ سلامتی کونسل میں اس حوالے سے اسرائیل مخالف آج تک کی پہلی قرار داد تھی، جس کی وجہ سے اسرائیل اوباما انتظامیہ پر شدید برہم ہے۔ منگل کے روز امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ جان کیری اپنی تقریر میں یہ بیان کریں گے کہ اس مرتبہ امریکا نے اپنا ویٹو کا حق کیوں استعمال نہیں کیا؟ اور وہ اس حوالے سے بھی بات کریں گے کہ اسرائیلی فلسطینی تنازعے کو کیسے ختم کیا جا سکتا ہے۔

Westbank Siedlung Givat Zeev
آج 492 نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے یروشلم سٹی ہال پلاننگ اینڈ بلڈنگ کمیٹی کی طرف سے اجازت نامے جاری کرنے کے لیے ووٹنگ ہونا تھی لیکن وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے کہنے پر اس ووٹنگ کو ملتوی کر دیا گیاتصویر: Reuters/B. Ratner

آج 492 نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے یروشلم سٹی ہال پلاننگ اینڈ بلڈنگ کمیٹی کی طرف سے اجازت نامے جاری کرنے کے لیے ووٹنگ ہونا تھی لیکن وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے کہنے پر اس ووٹنگ کو ملتوی کر دیا گیا۔ اس کمیٹی کے چیئرمین مئیر تُرگ مین کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کے خیال میں نئے گھروں کی منظوری سے کیری کو ’’تقریر سے پہلے بارودی مواد‘‘ حاصل ہو جاتا۔

دوری جانب فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے سکریٹری جنرل صائب ایرکات نے اسرائیل سے کہا ہے کہ اسرائیل کو اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں میں نئے گھروں کی تعمیر پر پابندی عائد کر دینی چاہیے تاکہ امن عمل کو مزید ایک موقع فراہم کیا جا سکے۔

یروشلم میونسپل کمیٹی کے رکن حنان روبن کا نیوز ایجنسی روئٹرز  سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملکی وزیراعظم صورتحال کو مزید خراب نہیں کرنا چاہتے اور نئی عمارتوں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری مستقبل کے کسی اجلاس میں دے دی جائے گی۔

دریں اثناء اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ایک ہفتہ پہلے ہی جان کیری کی تقریر سے متعلق آگاہی ہو چکی تھی۔ اسرائیلی حکام کو خدشہ ہے کہ امریکی وزیر خارجہ اپنی تقریر میں مشرق وسطیٰ امن کے حوالے سے پیرامیٹرز رکھ سکتے ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق جان کیری کی تقریر سے اسرائیل دفاعی پالیسی میں اختیار کر سکتا ہے اور بین الاقوامی برادری کو اسرائیل پر مزید دباؤ بڑھانے کے لیے تیار کیا جا سکتا ہے۔