1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل میں امریکی اسلحے کے ذخائر میں اضافہ

12 نومبر 2010

امریکی دفاعی جریدے ’ڈیفینس نیوز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ نے اگلے دو برسوں کے اندر اندر اسرائیل میں واقع امریکی فوجی ڈپوؤں میں 400 ملین ڈالر مالیت کا اضافی اسلحہ اور دفاعی ساز و سامان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Q6uv

گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایران اور اُس کے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے درپیش خطرے کے پیشِ نظر جنگی بیان بازی سے گریز کیا ہے تاہم اِس ہفتے اپنے دَورہء امریکہ کے موقع پر نیتن یاہو نے جو الفاظ استعمال کئے، وہ خلافِ معمول زیادہ شدید تھے۔

نیتن یاہو نے کہا، ’اگر بین الاقوامی برادری امریکہ کی سرکردگی میں فوجی طاقت استعمال کئے بغیر ایران کے ایٹمی پروگرام کو روکنا چاہتی ہے تو پھر اُسے ایران پر یہ بات واضح کر دینی چاہئے کہ وہ ایک فوجی کارروائی کے لئے تیار رہے۔ محض ’سارے راستے بند کر دینے کا عمل‘ ایران کے خلاف کامیابی نہیں دلائے گا۔ ایران کا جوہری پروگرام ہر قیمت پر بند کروایا جانا چاہئے۔ ایران کا جوہری پروگرام وہ سب سے بڑا خطرہ ہے، جو ہمیں درپیش ہے‘۔

Clinton / Netanjahu / Israel / USA
نیویارک میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کی جمعرات گیارہ نومبر کو ہونے والی ملاقاتتصویر: AP

امریکہ کا طرزِ عمل نیتن یاہو کی خواہشات کے عین مطابق ہے۔ امریکی جریدے ’ڈیفینس نیوز‘ کے مطابق اگلے دو برسوں کے دوران  400 ملین ڈالر کا دفاعی ساز و سامان اسرائیل میں واقع امریکی فوجی اڈوں میں منتقل کر دیا جائے گا۔ اِس طرح اسرائیل میں ذخیرہ کئے گئے امریکی ہتھیاروں کی مجموعی مالیت 1.2 ارب تک پہنچ جائے گی۔ کسی جنگ کی صورت میں یہ اسلحہ اور گولہ بارود امریکی ہی نہیں بلکہ اسرائیلی اَفواج کے بھی کام آئے گا۔ چار سال پہلے دوسری جنگِ لبنان کے دوران بھی اسرائیل نے امریکہ کے اِن ہتھیاروں سے استفادہ کیا تھا۔

اسرائیلی اخبار ’ہاریٹس‘ کا خیال ہے کہ خاص طور پر اُن ہتھیاروں کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے، جن کی مدد سے فضا سے کسی ٹھکانے کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ یہی ہتھیاروں کی وہ قسم ہے، جو ایران اور اُس کی ایٹمی تنصیبات کے خلاف کسی جنگ کی صورت میں ایک خاص اور اہم کردار ادا کرے گی۔ اِسی ہفتے اپنے عہدے سے رخصت ہونے والے اسرائیلی چیف آف سٹاف گابی اشکینازی نے اِن ہتھیاروں کی اہمیت کی طرف اشارہ کیا تھا۔ جاتے جاتے وہ یہ پیغام دے کر گئے ہیں کہ ’احکامات دینے والوں سے لے کر عام یونٹوں تک پوری فوج غالباً ایک مرکزی نکتے پر متفق ہے اور وہ یہ کہ اسرائیلی فوج کو دو طرح کے حالات پیش آ سکتے ہیں۔ یا تو آپ کسی جنگ کی تیاری کرتے ہیں اور یا پھر آپ کوئی جنگ لڑتے ہیں۔ فوج اِسی مقصد کے لئے ہے‘۔

Atomsymbol vor iranischer Flagge
مغربی دُنیا ایران کے ایٹمی پروگرام کو مشرقِ وُسطیٰ ہی کے لئے نہیں بلکہ پوری دُنیا کے لئے ایک خطرہ قرار دیتی ہےتصویر: AP

یہ بات غیر واضح ہے کہ آیا اسرائیل میں واقع امریکی فوجی ڈپو ایران کے خلاف کسی ممکنہ جنگ کے لئے بھرے جا رہے ہیں؟  اِس سال فروری میں اسرائیل کے ایک دورے کے موقع پر امریکی چیف آف دی جنرل سٹاف مائیک مولن نے ایران کو مشرقِ وُسطیٰ کے استحکام کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔ مولن نے کہا تھا:’’ایران کا اثر و رسوخ حزب اللہ تک ہے، حماس تک ہے، حتیٰ کہ یمن، افغانستان اور عراق تک بھی ہے۔ مَیں ایک طویل عرصے سے ایران کو خطے میں عدم استحکام کا باعث بننے والے ایک ملک کے طور پر دیکھ رہا ہوں اور مجھے وہاں کی قیادت اپنی پالیسیاں تبدیل کرتی نظر نہیں آتی۔‘‘

اِس تجزیے کے باوجود آئندہ بھی یہ کہا جا سکتا ہے کہ امریکی حکومت اسرائیل میں اپنے ڈپوؤں میں مزید اسلحہ منتقل کرتے ہوئے درحقیقت ایران کے خلاف اسرائیل کی تن تنہا فوجی کارروائی کو عمل میں آنے سے روکنا چاہتی ہے۔ ممکن ہے امریکہ اسرائیل کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہو کہ وہ امن کے لئے خطرات مول لینے پر آمادہ ہو جائے۔ تاہم آیا اسرائیلی حکومت اِن ہتھیاروں کی منتقلی سے مطمئن ہو جائے گی، یہ بات یقین سے نہیں کہی جا سکتی۔ ابھی بدھ 10 نومبر کو اسرائیلی فوجی سیکرٹ سروس کے سربراہ اموس یادلین نے کہا تھا کہ ایران کے پاس افزودہ یورینیم کی اتنی مقدار ہے کہ جس سے ایک ایٹم بم تیار کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ: سیباستیان اینگل بریشت (تل ابیب) / امجد علی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں