اسلام جرمنی کا حصہ ہے، ہم تاریخ کا رخ نہیں موڑ سکتے، شوئبلے
31 مارچ 2018جرمن فنک میڈیا گروپ کی رپورٹوں کے مطابق جرمنی کی سیاسی جماعت سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والے سینیئر جرمن سیاستدان اور پارلیمان کے اسپیکر وولفگانگ شوئبلے نے کہا ہے کہ ہر ایک کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ اسلام جرمنی کا حصہ بن چکا ہے۔
اس تناظر میں شوئبلے چانسلر انگیلا میرکل کے نقش قدم پر ہی چل رہے ہیں۔ رواں ماہ کے وسط میں نو منتخب جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے ایک بیان میں کہا تھا،’’ نہیں۔ اسلام جرمنی کا حصہ نہیں ہے۔ جرمنی کا ارتقاء مسیحیت سے ہوا ہے۔‘‘
دوسری طرف جرمن چانسلر انگیلا میرکل سن 2015 سے کہتی آئی ہیں کہ اسلام جرمنی کا حصہ ہے۔
تاہم شوئبلے نے یہ یاد دہانی بھی کرائی کہ جرمنی میں رہنے والے مسلمانوں کو یہ سمجھنا ہو گا کہ وہ جس ملک میں رہ رہے ہیں اُس کے سماجی اور ثقافتی ڈھانچے کی بُنت اسلامی روایات سے نہیں ہوئی اور یہ کہ جرمن عوام کو بھی یاد رکھنا ہو گا کہ مسلمان جرمنی کی آبادی کا ایک بڑھتا ہوا حصہ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں پُر امن طریقے سے مل جل کر کام کرنا اور باہمی اختلافات کا احترام کرنا ہو گا۔ شوئبلے نے مزید کہا،’’ یہ ایک بڑا کام ہے۔ ایک لبرل سوسائٹی اُسوقت تک مستحکم رہتی ہے جب تک وہاں مختلف پس منظر رکھنے والے افراد میں باہمی تعلق اور اُنسیت قائم رہتی ہے۔‘‘
جرمنی میں قریب چار اعشاریہ پانچ ملین مسلمان آباد ہیں۔ سابق جرمن صدر کرسٹیان وولف نے سن دو ہزار دس میں پہلی مرتبہ کہا تھا کہ اسلام جرمنی کا حصہ ہے۔