1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسکول کا کھانا موت کا پروانہ، 20 بچے ہلاک

افسر اعوان17 جولائی 2013

بھارتی ریاست بہار میں اسکول کی طرف سے دیا جانے والا مفت کھانا پرائمری اسکول کے پھول جیسے بچوں کے لیے موت کا پیغام ثابت ہوا۔ ریاستی وزیر کے مطابق 20 بچے ہلاک جب کہ درجنوں بیمار ہیں۔

https://p.dw.com/p/199PB
تصویر: picture alliance/AP Photo

’’یہ افسوسناک مگر درست ہے کہ دوپہر کو دیا جانے والا بظاہر زہریلا کھانا کھانے سے 20 بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔‘‘ یہ بات ریاست بِہار کے وزیر تعلیم پی کے شاہی نے خبر رساں ادارے ایف پی کو بتائی۔

حکام کے مطابق اسکول میں تیار کیے گئے دال چاول کھانے کے بعد بچے بیمار ہونا شروع ہوئے
حکام کے مطابق اسکول میں تیار کیے گئے دال چاول کھانے کے بعد بچے بیمار ہونا شروع ہوئےتصویر: Noah Seelam/AFP/Getty Images

منگل کے روز ہونے والے اس واقعے میں ابتدائی طور پر ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد آٹھ بتائی گئی تھی تاہم اب یہ تعداد بڑھ کر 20 ہو چکی ہے۔ وزیر تعلیم کے مطابق 30 کے قریب بچے ابھی بھی پٹنہ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ریاست بِہار کے ضلع سارن کے ایک گاؤں مسرَخ کے سرکاری اسکول میں منگلکی دوپہر کو پیش آنے والے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اسکول میں تیار کیے گئے دال چاول کھانے کے بعد بچے بیمار ہونا شروع ہوئے۔ اس واقعے کے بعد سینکڑوں افراد نے ریاستی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ ضلعی حکومت کے ایک اہلکار ایس کے مال نے اے ایف پی کو بتایا کہ منگل کی شب سے سینکڑوں افراد نے منگل کی شب اس سانحے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین ذمہ دار افراد کو سخت ترین سزا دیے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

بھارتی کی کُل 29 میں سے زیادہ تر ریاستوں میں سرکاری اسکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا مفت فراہم کیا جاتا ہے
بھارتی کی کُل 29 میں سے زیادہ تر ریاستوں میں سرکاری اسکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا مفت فراہم کیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo

ریاست بہار کے ایک سرکاری افسر ابہی جیت سنہا کے بقول اسکول کے باروچی سمیت 27 بچے ہسپتال میں ہیں، جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے۔ ذرائع کے بقول بچوں کی عمریں آٹھ اور 11 سال کے درمیان ہیں اور وہ اسکول میں دوپہر کا کھانا کھاتے ہی بیمار پڑ گئے۔ یہ کھانا اسکول کے باورچی خانے میں ہی تیار کیا گیا تھا۔ سرکاری افسر سنہا نے مزید بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں کھانے میں فاسفورس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ اسے چاول اور گندم کو محفوظ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ علاقے کے فوڈ انسپکٹر کو معطّل جبکہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔

بھارتی کی کُل 29 میں سے زیادہ تر ریاستوں میں سرکاری اسکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ ریاست بِہار بھارت کی غریب ترین ریاست تصور کی جاتی ہے۔ بِہار بھارت کی گنجان آباد ترین ریاست بھی ہے۔