1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی کیتھولک میگزین نے سالوینی کو شیطان سے تشبیہ دے دی

26 جولائی 2018

ایک اطالوی کیتھولک میگزین نے اٹلی کے وزیر داخلہ ماتیو سالوینی کو شیطان سے تشبیہ دی ہے۔  سالوینی نے اٹلی میں مہاجرین کے داخلے کو روکنے اور تارکین وطن کی ملک بدریوں کے عمل کو تیز کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

https://p.dw.com/p/326Ee
Screenshot Website Famiglia Cristiana
تصویر: Famiglia Cristiana

اٹلی سے شائع ہونے والے ہفتہ وار رومن کیتھولک جریدے ’’فامیلیا کرسٹیانا‘‘ نے اپنی تازہ ترین اشاعت میں’ واڈے ریٹرو سالوینی‘ کی شہ سرخی لگائی ہے، جس کا مطلب ہے’ گو بیک سالوینی‘ یا سالوینی واپس جاؤ۔ رومن کیتھولک پادری  قرون وسطی میں کسی شخص پر سے ’بلا‘ دور کرنے کے لیے ’ سیٹَن گو بیک ‘ یعنی شیطان واپس جاؤ کے الفاظ کا ورد کیا کرتے تھے۔

میگزین  کے سرورق پر اطالوی وزیر داخلہ کے لیے ایسے الفاظ واضح طور پر انہیں شیطان سے تشبیہ دینے کے مترادف ہیں۔ میگزین نے اپنی اشاعت میں لکھا،’’ بشپ کانفرنس کے دوران انفرادی حیثیت میں سبھی پادریوں اور مذہبی گروہ  اور چرچ کے دیگر افراد وزیر داخلہ کے جارحانہ طرز بیان پر ردعمل کا اظہار کر رہا ہے۔ اس حوالے سے کچھ بھی نجی یا نظریاتی نہیں بلکہ مسیحی مذہب کے عین مطابق ہے۔‘‘

Itanlien Minister Salvini
تصویر: Reuters/T. Gentile

اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی اور ملکی نائب وزیر اعظم اپنی انتخابی مہم کے دوران اکثر ہاتھ میں تسبیح یا بائبل کا نسخہ اٹھائے دکھائی دیتے تھے۔ تاہم ’فا میلیا کرسٹیانا‘ کی اس اشاعت پر انہوں نے اپنے رد عمل میں اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا،’’ فامیلیا کرسٹیانا نے مجھے شیطان سے تشبیہ دی ہے۔ میں ظاہراﹰ لوگوں کو لیکچر نہیں دیتا اور نہ ہی کامل مسیحی ہوں۔ تاہم میں خود کو شیطان سے تشبیہ دیے جانے کا بھی مستحق نہیں ہوں۔ میرے لیے یہ باعث اطمینان ہے کہ چرچ سے منسلک متعدد خواتین و حضرات روزانہ میری حمایت کرتے ہیں۔‘‘

سالوینی کے مہاجرت پر سخت موقف کو اگرچہ اطالوی عوام سے پذیرائی حاصل ہوئی ہے تاہم نصف درجن عوامی جائزے یہ بتاتے ہیں کہ ملک کے دو تہائی عوام مہاجرین کے بحری جہازوں کے لیے بندرگاہیں بند کرنے کے سالوینی کے فیصلے کو درست تسلیم نہیں کرتے۔

دو ہفتے قبل چند پادریوں اور راہباؤں نے اطالوی پارلیمان کی عمارت کے سامنے سالوینی کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔گزشتہ اتوار کے روز کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس نے بھی لیبیا کے ساحلوں سے دور بحیرہ روم میں مہاجرین کی ڈوبتی کشتیوں پر بات کرتے ہوئے عالمی برادری سے ان افراد کو سیکیورٹی اور حقوق کے تحفظ کی ضمانت دینے کی اپیل کی تھی۔

ص ح / ع ح / روئٹرز