1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اظہار افسوس کافی نہیں، مصر

21 اگست 2011

قاہرہ نےکہا ہے کہ مصری سپاہیوں کی ہلاکت پر اسرائیل کی طرف سے صرف اظہار افسوس ہی کافی نہیں۔ دوسری طرف آج قاہرہ میں منعقد ہوئے عرب لیگ کے ایک اجلاس میں اسرائیلی فضائیہ کی فلسطینی علاقوں میں کارروائی کی شدید مذمت کی گئی۔

https://p.dw.com/p/12KvU
تصویر: picture alliance/dpa

نیم سرکاری خبر ایجنسی الاحرام نے مصری کابینہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ اس واقعہ پر اسرائیلی حکومت کی طرف سے افسوس ظاہر کرنا ایک مثبت قدم ہے تاہم اس سے مسئلے کی سنجیدگی کم نہیں ہو سکتی۔ جمعرات کو اسرائیلی فضائیہ نے جنگجوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے مصر اور اسرائیل کی مشترکہ سرحد پر مبینہ طور پر پانچ مصری پولیس اہلکاروں کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔

اسرائیلی فضائیہ کی اس مبینہ کارروائی کے بعد مصر میں شدید احتجاج دیکھنے میں آیا اور قاہرہ حکومت نے احتجاجی طور پر اسرائیل میں اپنے سفیر کو واپس بلوانے کا اعلان کر دیا۔ دوسری طرف مصری عوام آج تیسرے روز بھی قاہرہ میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سن انیس سو اناسی کے امن معاہدے کے بعد پہلی مرتبہ دونوں ممالک کے مابین کشیدگی غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

NO FLASH Ägypten Kairo Soldat Protest
مصری عوام کی ایک بڑی تعداد قاہرہ میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر احتجاج کر رہی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اسرائیل کے اہم علاقائی اتحادی ملک مصر کی طرف سے شدید احتجاج کے بعد گزشتہ روز اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مبینہ طور پر ہلاک ہونے والے مصری سپاہیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس واقعہ کے بارے میں مکمل حقائق جاننے کے لیے مصری اور اسرائیلی فوج کی ایک مشترکہ ٹیم بنائی جائے گی۔

قاہرہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مصری کابینہ نے ایہود باراک کی طرف سے اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ ٹیم کی تشکیل کے لیے ٹائم لائن فوری طور پر واضح کی جائے۔

دریں اثناء جنوبی اسرائیلی علاقے ایلات میں اسرائیلیوں پر ہوئے سلسلہ وار حملوں کے بعد علاقائی صورتحال کافی کشیدہ ہو چکی ہے۔ آج چوتھے روز بھی اسرائیلی فضائیہ نے فلسطینی علاقوں میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔ ابھی تک اس کارروائی میں کم ازکم پندرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ غزہ میں جنگجوؤں اور اسرائیلی دفاعی افواج کے مابین جاری ان جھڑپوں پر شدید تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔ جنگجو اسرائیل میں راکٹ داغنے کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

NO FLASH Luftangriff Gaza Streifen Eilat
اسرائیلی فضائیہ غزہ پٹی میں فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اسی صورتحال میں آج قاہرہ میں عرب لیگ کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں تمام عرب رہنماؤں نے مشترکہ طور پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اقوام متحدہ اس حوالے سے فوری نوٹس لے۔ اجلاس کے بعد عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے زیادہ تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ عرب رہنما غزہ اور مصر میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں