اعلیٰ جرمن اور یورپی حکام کا وفد پاکستان میں
17 جون 2011پاکستان کے دورے پرآئے ہوئے اقتصادی تعاون اور ترقیاتی امور کے وفاقی جرمن وزیر ڈرک نیبل اور یورپی یونین کے ڈویلپمنٹ کمشنر Andris Piebalgs نے آج اس معاہدے کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس پر دستخط کر دیے ہیں ۔ آج صبح پاکستانی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے یورپی اعلیٰ اہلکاروں سے ملاقات کے بعد اسلام آباد حکومت کی طرف سے اس معاہدے پر دستخط کیے۔ جرمن وزیر ڈرک نیبل اوریورپی کمشنر برائے ترقی Andris Piebalgs کے ہمراہ پاکستان میں تعینات جرمن سفیر میشائل کوخ کے علاوہ یورپی وفد کے سربراہ Lars-Gunnar Wigemark بھی اس ملاقات کے دوران موجود تھے۔
پاکستانی وزیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بعد ازاں صحافیوں کو یورپی اہلکاروں سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے جرمنی اور یورپی یونین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی مشکلات کے باوجود اسلام آباد حکومت نے اصلاحاتی عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ان کی حکومت سماجی مشکلات اور غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کرتے ہوئےمعاشی ترقی کو ممکن بنانے کے لیےکوششیں کر رہی ہے۔ یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی آسان رسائی کے لیے بھی پاکستانی وزیر نے یورپی اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا،’ای یو اور جرمنی پاکستان کے قابل بھروسہ ساتھی ہیں۔ ہم ان کے تعاون کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں۔ تجارتی حوالے سے یورپی یونین ہمارے بڑے ساتھیوں میں شمار ہوتا ہے جبکہ جرمنی کے ساتھ ہمارے بہترین تجارتی روابط ہیں‘۔
اس موقع پر یورپی وفد نے پاکستانی حکومت کی طرف اصلاحاتی عمل کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کی اس مشکل وقت میں یورپی یونین اسلام آباد حکومت کا ہر ممکن ساتھ دے گی۔ پورپی یونین کے ڈویلپمنٹ کمشنر Andris Piebalgs نے کہا،’ پاکستان ہمارا ایک انتہائی اہم ساتھی ملک ہے۔ نہ صرف دو طرفہ باہمی تعلقات کے حوالے سے بلکہ دیگر معاملات میں بھی پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اچھے تعلقات ہیں۔ ہمارے مابین ترقیاتی امور پر تعاون تو ہے ہی لیکن ساتھ میں ہم مختلف منصوبوں پر مل کر کام کرتے ہیں‘۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں یورپی یونین اور پاکستان کے مابین ہونے والے تعاون میں وسعت پیدا ہو گی۔
ایک سوال کے جواب میں اقتصادی تعاون اور ترقیاتی امور کے وفاقی جرمن وزیرڈرک نیبل نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو جو نقصان پہنچا ہے، عالمی برادری اسے پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔
ڈرک نیبل نے کہا کہ یورپی یونین سمیت جرمن حکومت، پاکستانی کی طرف سے کی جانے والی اقتصادی اصلاحات کو ستائشی نظروں سے دیکھتی ہے اور یہی ایک طریقہ ہے کہ پاکستان خود اپنے قدموں پر کھڑا ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستانی حکومت عوام کی فلاح اور بھلائی کے منصوبوں کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل تعریف ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عدنان اسحاق