افغانستان میں زلزلہ: ہلاکتیں دو ہزار سے تجاوز کر گئیں
8 اکتوبر 2023افغانستان میں قائم طالبان حکومت کی آفات اور حادثات سے نمٹنے والی وزارت کے ترجمان ملا جانان سائق کے مطابق اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2,053 جبکہ زخمیوں کی تعداد 9,240 ہے۔ ترجمان کے مطابق اس زلزلے میں 1,329 گھر اور عمارات جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔
افغانستان کی انفارمیش اور کلچر منسٹری کے ایک اہلکار عبدالواحد ریان نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ 'زخمیوں کی تعداد کافی زیادہ ہے‘۔
افغانستان میں 6.3 کی شدت کا زلزلہ، کم از کم 320 افراد ہلاک
خیال رہے کہ ہفتے کی شام تک ہلاکتوں کی تعداد محض 16 بتائی گئی تھی تاہم ہفتے کی صبح ریڈ کراس کی طرف سے بتائی گئی ہلاکتوں کی تعداد 500 تھی۔ ملا جانان سائق کے مطابق ایرانی سرحد کے قریب اس وقت بھی 10 ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
ہفتہ سات اکتوبر کو آنے والے زلزلے کا مرکز ہرات شہر سے 35 کلومیٹر شمال مغرب میں 25 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی۔
ہرات کے محکمہ صحت کے ایک اہلکار ڈاکٹر دانش کے مطابق 200 سے زائد ہلاک شدہ افراد کو مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا ہے اور یہ کہ ان میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اشٹیفان ڈوشیری نے نیویارک میں بتایا کہ گوٹیرش نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلے سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کرے۔
افغانستان میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں خصوصاﹰ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کے آس پاس۔ گزشتہ برس جون میں صوبہ پکتیکا میں 5.9 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ہزارہا افراد بے گھر ہوئے تھے۔
ا ب ا/ک م (ڈی پی اے، روئٹرز)