1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، ایبٹ آباد کا میچ منتقل

20 مئی 2011

پاکستانی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے دوران ایبٹ آباد میں ایک روزہ میچ نہیں کھیلے گی۔ اس سے قبل تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا ایک میچ ایبٹ آباد میں شیڈول کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/11K1p
تصویر: AP

رواں ماہ کے آغاز پر ہی دہشت گرد القاعدہ نیٹ ورک کا سربراہ اسامہ بن لادن، امریکی کمانڈوز کے ایک خفیہ آپریشن میں ایبٹ آباد میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اگرچہ پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا تھا کہ افغان کرکٹ ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران ایبٹ آباد میں بھی ایک میچ کھیلے گی تاہم جمعرات کے روز بورڈ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک نئے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اب ایبٹ آباد میں کوئی بھی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے چیئر مین اعجاز بٹ اور وزیر داخلہ رحمان ملک کے مابین ہونے والی ایک ملاقات کے بعد یہ بیان سامنے آیا ہے۔ پاکستان کی اے ٹیم اور افغان قومی کرکٹ ٹیم کے مابین ایبٹ آباد میں میچ 29 مارچ کو کھیلا جانا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اعجاز بٹ اور رحمان ملک کے مابین ہونے والی اس ملاقات میں افغان کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

Afghanistan vs Pakistan Cricket Asian Games
ایشیائی گیمز میں پاک افغان ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کا ایک منظرتصویر: AP

پاکستانی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اب افغانستان کی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 25 مئی کو اسلام آباد میں کھیلے گی،27 مئی کو دوسرا ایک روزہ میچ راولپنڈی میں منعقد کیا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 29 مئی کو فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی نے ایبٹ آباد میں میچ منسوخ کرنے کے حوالے سے کوئی بھی بیان نہیں دیا تاہم خبر رساں ادارے روئٹرز نے پی سی بی کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہےکہ یہ تبدیلی رحمان ملک اور اعجاز بٹ کے مابین ہونے والی ایک ملاقات کے بعد ہوئی ہے،’ سکیورٹی کے کچھ مسائل ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ افغان کرکٹ ٹیم ایبٹ آباد کے بجائے اسلام آباد میں اپنا میچ کھیلے‘۔

مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد افغانستان کی کرکٹ ٹیم پہلی غیر ملکی ٹیم ہو گی، جو پاکستان میں کھیلے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں