1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

القاعدہ کے اہم منصوبہ سازحسین الیمنی ہلاک

18 مارچ 2010

وفاق کے زیر انتظام پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے صدرمقام میرانشاہ کے نواح میں ، گزشتہ ہفتے ہونےوالے ایک مبینہ امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے اہم منصوبہ سازحسین الیمنی ہلاک ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/MW22
تصویر: Abdul Sabooh

امریکی اہلکاروں کے مطابق حسین الیمنی نے دسمبر2009ء میں افغانستان کے شہرخوست میں امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے خودکش حملے کی منصوبہ بندی کی تھی جس میں سی آئی اے کے سات اہلکاراور اردن خفیہ ایجنسی کا ایک افسر ہلاک ہو گیا تھا۔ حسین الیمنی کی عمر بیس اورتیس سال کے درمیان بتائی جاتی ہے اوروہ بم بنانے اورخودکش حملوں کی منصوبہ بندی کے ماہر مانے جاتے تھے۔

دوسری جانب سی آئی اے کے ڈائریکٹرلیون پنیٹا نے امریکی اخبارواشنگٹن پوسٹ کودیے گئے ایک انٹرویومیں کہا ہے کہ القاعدہ کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں ان کی طرف سے کی جانے والی پر تشدد کارروائیوں میں کمی آ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ القاعدہ کےارکان اب پاکستان میں بکھر چکے ہیں۔ پنیٹا کے بقول انہیں حاصل ہونےوالی خفیہ معلومات کے مطابق القاعدہ نیٹ ورک کو کمانڈ اینڈ کنٹرول میں دشواری کا سامنا ہے اوراس دہشت گرد تنظیم کےایک رکن کی اسامہ بن لادن سے بات چیت میں یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ وہ انہیں قیادت مہیا کرنے کے لئےاپنا کردارادا کریں۔

لیون پنیٹا نے یہ بھی کہا کہ سی آئی اے، القاعدہ اور طالبان کے خلاف تاریخ کا سب سے بڑا عسکری آپریشن کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان رہنماؤں کی حالیہ گرفتاری، امریکی اور پاکستانی خفیہ اداروں کے درمیان تعاون کاواضح ثبوت ہے۔

رپورٹ: بخت زمان

ادارت: عاطف بلوچ