1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امريکا ميں کينسر کی وجہ سے ہونے والی اموات ميں کمی، رپورٹ

29 مارچ 2012

قومی صحت سے متعلق اداروں کی سالانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ايک دھائی کے دوران امريکا ميں کينسر کے نتيجے ميں ہونے والی اموات ميں بدسطور کمی واقع ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/14UfJ
تصویر: Fotolia/M&S Fotodesign

امريکا ميں کينسر سے متعلق اعداد و شمار کی سالانہ رپورٹ ميں اس بات کا انکشاف کيا گيا ہے کہ سن 1998 سے 2008ء تک مردوں ميں کينسر کی وجہ سے ہونے والی اموات ميں ہر سال 1.7 فيصد مسلسل کمی واقع ہوئی ہے۔ اموات ميں کمی کی يہ شرح ملکی خواتين اور بچوں ميں 1.3 فيصد رہی۔ اس کے علاوہ مريضوں ميں کينسر کی تشخيص کی تعداد ميں بھی 1996ء سے سن 2006 کے درميان سالانہ قريب ايک فيصد کی کمی ريکارڈ کی گئی ہے۔ امريکا ميں کينسر کے مرض کے نتيجے ميں ہونے والی اموات کی تعداد ميں کمی آنا 90 کی دہائی ميں شروع ہوئی تھی۔

خبر رساں ادارے اے ايف پی کے مطابق اس رپورٹ ميں يہ بھی کہا گيا ہے کہ اگرچہ مجموعی طور پر کينسر کی متعدد اقسام کی وجہ سے ہونے والی اموات ميں کمی ہوئی ہے، تاہم چند اقسام کے کينسرز سے جڑی اموات کی تعداد ميں اضافہ بھی ريکارڈ کيا گيا ہے۔ مردوں اور خواتين ميں پينکریاس یا غدءِ حلوہ یا لبلبہ کے کينسر کے باعث اموات ميں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ مردوں ميں خاص طور پر جگر کے سرطان اور ميلوناما نامی ايک کھال کے پيچيدہ کينسر سے ہونے والی اموات بھی بڑھی ہيں۔ عورتوں ميں ’يوٹرين‘ يا پھر بچہ دانی کے کينسر کے نتيجے ميں ہونے والی اموات ميں اضافہ ريکارڈ کيا گيا ہے۔

امريکا ميں اس رپورٹ کو سينٹر فار ڈيزيز کنٹرول اينڈ پريوينشن، نارتھ امريکن ايسوسی ايشن آف سنٹرل کينسر ، نيشنل کينسر انسٹيٹيوٹ اور امريکن کينسر سوسائٹی کے تعاون سے شائع کيا گيا ہے۔ رپورٹ کے ليے امريکا کے ہر ايک لاکھ باشندوں ميں سامنے آنے والے کينسر سے متاثرہ افراد کا جائزہ ليا گيا ہے۔ رپورٹ ميں موٹاپے کے مضر اثرات اور اس کے نتيجے ميں پيدا ہونے والے کينسرز کے بارے ميں بھی معلومات فراہم کی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امريکا ميں ہارورڈ يونيورسٹی کے ايک ماہر Jeffrey Meyerhardt نے کہا ہے، ’اگرچہ ان نئے حقائق کے مطابق کينسر کے نتيجے ميں ہونے والی اموات ميں کمی ہوئی ہے، تاہم اگر ملک ميں موٹاپا اپنی موجودہ رفتار سے بڑھتا رہا تو مستقبل ميں کينسر سے ہونے والی اموات ميں دوبارہ اضافے کا امکان بھی موجود ہے‘۔

امريکا ميں موٹاپا ايک بڑا مسئلہ تصور کيا جاتا ہے
امريکا ميں موٹاپا ايک بڑا مسئلہ تصور کيا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

امريکن کينسر سوسائٹی نے پيشنگوئی کی ہے کہ 2012ء ميں 577,190 امريکی کينسر کی وجہ سے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بيٹھيں گے جبکہ مزيد 1.6 ملين افراد اس بيماری کا شکار ہوں گے۔

رپورٹ: عاصم سليم

ادارت: کشور مصطفی