امریکا کابل اور طالبان کے مذاکرات میں تعاون کرے گا، پومپیو
9 جولائی 2018کابل میں امریکی وزیر خارجہ نے مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی اور حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے ان ملاقاتوں کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکراتی عمل کی نا صرف حمایت کرے گا بلکہ اس کا حصہ بننے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔
انہوں نے طالبان کے ساتھ بات چیت کو افغانوں کے اپنے مذاکرات قرار دیا۔ امریکی وزیر خارجہ نےکہا، ’’یہ خطہ اور دنیا، افغانستان کے حالات سے اکتا اور تھک گئے ہیں اور یہاں کی عوام بھی جنگ میں مزید دلچسپی نہیں رکھتے۔‘‘
اُن کے دورے کا مقصد افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ٹرمپ انتظامیہ کے امن مذاکرات کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔آج پیر کے روز افغان صدر اشرف غنی نے افغانستان کے بارے میں ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کی پرزور انداز میں تعریف کی۔
مائیک پومپیو شمالی کوریا، جاپان اور ویتنام سے ہوتے ہوئے افغانستان پہنچے ہیں۔