1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ اور بڑی طاقت کے طور پر اس کا مستقبل

27 اکتوبر 2008

امریکہ کو ان دنوں بڑے مالیاتی بحران اور بےروزگاری کی شرح میں اضافے کا سامنا ہے جبکہ امریکی معیشت میں انحطاط کے آثار بھی واضح ہوتے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکہ افغانستان اورعراق میں لڑی جانے والی جنگوں میں بھی مصروف ہے۔

https://p.dw.com/p/FhuO
تصویر: AP

یہی نہیں کئی معاملات میں واشنگٹن حکومت کی یکطرفہ سیاست بھی امریکی اثرورسوخ میں کمی کا سبب بنی ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ آیا ایک بڑی طاقت کے طور پر امریکہ زوال کا شکار ہے؟ اس موضوع پر واشنگٹن سے کرِسٹینا بیرگ من کا ارسال کردہ تبصرہ:

امریکہ کو اس وقت بہت سے معیشی اور سیاسی مسائل کا سامنا ہے۔ صدارتی عہدے کے لئے دونوں امیدوار یہ اعلان کرچکے ہیں کہ اپنی کامیابی کی صورت میں وہ اس یکطرفہ سیاست کا خاتمہ کردیں گے جو بش دور کی پہچان بن چکی ہے۔ بات یہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر آج جتنے بھی چیلنج پائے جاتے ہیں، ان کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی برادری کو امریکی مدد کی ہی نہیں بلکہ امریکی رہنمائی کی بھی ضرورت ہے۔

معیشی حوالے سے ایک بہت بڑا چیلنج موجودہ مالیاتی بحران پر قابوپانا ہے جس کے بارے میں واشنگٹن حکومت کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ اس نے اس بحران پر قابو پانے کے لئے اب تک جو اقدامات کئے ہیں وہ مئوثر ثابت ہوئے ہیں۔ لیکن ان اقدامات کے نتائج سامنے آنے میں وقت لگے گا۔ واشنگٹن میں آئندہ اقتدار میں آنے والی نئی حکومت کوصارفین کو خوف کی کیفیت سے نجات دلاناہوگی اور مالیاتی اداروں کو ضمانتیں دینا ہوں گی۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کو دوبارہ مستحکم بنانے کے لئے مربوط اقدامات بھی درکار ہوں گے جن کے لئے واشنگٹن میں مجوزہ مالیاتی سربراہی کانفرنس کو امریکی حکومت کی طرف سے صحیح سمت میں پہلا قدم قراردیا جاسکتا ہے۔

امریکی منڈی عالمی معیشت میں فیصلہ کن کردار اداکرتی ہے، اس میں کوئی شک نہیں ہے اور ایشیائی ملکوں کی معیشت کا امریکی منڈی پر انحصار تو بار بار ثابت ہو چکا ہے۔ طویل المدتی بنیادوں پر دیکھا جائے تو امریکہ کو درپیش اس کی معیشت پر اثر انداز ہونے والے زیادہ بڑے مسائل کچھ اور ہیں۔ مثال کے طور پر امریکہ ہی میں صحت عامہ کا بہت مہنگا لیکن غیر مئوثر نظام، ایک ایسا تعلیمی نظام جس کے بہت سے شہری متحمل نہیں ہو سکتے، توجہ کا طلب گار بنیادی ڈھانچہ اور توانائی کا ابھی تک انتہائی بے دریغ استعمال۔ اس کے علاوہ افغانستان اور عراق میں جنگوں کے لئے آج وہ مالی وسائل استعمال کئے جارہے ہیں جو دراصل مستقبل میں امریکی معیشت کی مقابلے کی صلاحیت کو برقرار رکھنے کے لئے صرف کئے جانا چاہیئں۔

اسی لئے امریکہ اگر ایک بڑی طاقت کے طور پر اپنی حیثیت قائم رکھنا چاہتا ہے تو اسے اپنی ساکھ بحال کرنے اور مالیاتی بحران پر قابو پانے کے علاوہ اپنے ہاں پائے جانے والے بہت سے داخلی مسائل بھی حل کرنا ہوں گے۔ یہ اگر کوئی آسان کام نہیں تو ناممکن بھی نہیں ہے۔