امریکہ میں ایک جنونی شخص کی فائرنگ، آٹھ افراد ہلاک
20 جنوری 2010ورجینیا کی لا اینڈ آرڈر ایجنسی کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بین الاقوامی خبررساں ادارے AP کو بتایا کہ تنہا ایک شخص کی فائرنگ میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مرکزی ورجینیا میں رونما ہونے والے اس واقعہ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 8 افراد میں سے 7 کی لاشیں ایک گھر سے ملی ہیں۔ پولیس نے مزید بتایا ہے کہ 39 سالہ مبینہ مجرم Christopher Speight غالباً اسی گھر کے نزدیک جنگل میں چھپا ہوا ہے، جسے پولیس نے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ قبل ازیں اس واقعے کی تفتیش کے بارے میں ایک افسر نے تفصیلات یہ کہہ کر بتانے سے انکار کردیا تھا کہ اُسے تفتیشی کارروائی کے بارے میں کچھ کہنے کی اجازت نہیں ہے۔
ورجینیا کی پولیس کے مطابق اس کے سو سے زائد اہلکار اُن جھاڑیوں کو گھیرے میں لئے ہوئے ہیں، جن میں غالباً مبینہ مجرم چھپا ہوا ہے۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ یہ واقعہ کیوں پیش آیا تاہم پولیس ترجمان نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ مسلح شخص نے پولیس کے ایک ہیلی کوپٹر پر بھی اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ہیلی کوپٹر کا فیول ٹینک پھٹ گیا، جس کے بعد ہیلی کوپٹر کو لینڈ کرنا پڑا۔ تاہم کسی پولیس اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ تشدد کے اس واقعے کے بعد ورجینیا کے اس دیہی علاقے میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ورجینیا کے علاقے Appomottox میں اس دہشت گردانہ کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں کوئی بچہ شامل نہیں تھا۔
رپورٹ : کشور مصطفیٰ
ادارت : عاطف توقیر