1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں ہر دسواں شہری بے روزگار، کانگریس پریشان

19 جنوری 2010

امریکہ میں ہردسواں شہری روزگار کی تلاش میں ہے اور ملک میں بے روزگاری کی شرح گزشتہ پچیس برسوں میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اس بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے سیاست دانوں اور قانون سازوں کو پریشان کر رکھا ہے۔

https://p.dw.com/p/Lavt
صدر اومابا پینسلوانیا کے ایک جاب سینٹر میں بے روزگار خواتین سے گفتگو کرتے ہوئےتصویر: AP

انہیں خوف ہے کہ اگر بے روزگاری کے اس عفریت کو، جو پہلے ہی دس فیصد سے زائد کی خطرناک حد عبور کر چکا ہے، قابو نہ کیا گیا تو نومبر میں ہونے والے کانگریس کے انتخابات میں خود ان سیاستدانوں کی نوکریاں بھی خطرے میں پڑسکتی ہیں۔

صدر باراک اوبامہ کے پارٹی ساتھی، جنہیں کانگریس میں اکثریت حاصل ہے، روزگار کی فراہمی کو اپنی سب سے اولین ترجیح بنا رہے ہیں۔ ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما Steny Hoyer کا کہنا ہے کہ امریکی عوام کو ملک میں بہت زیادہ بے روزگاری پر شدید غصہ ہے۔ Hoyer نے کہا کہ چاہے کوئی ڈیموکریٹ ہو، ری پبلکن یا آزاد سیاستدان، تمام سروے اسی امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ لوگ بس اپنے لئے روزگار چاہتے ہیں۔

بدھ بیس جنوری کو سینیٹ کے ارکان جب کرسمس کی تعطیلات کے بعد امریکی ایوانِ بالا کے اجلاس کے لئے جمع ہوں گے تو عوام کو روزگار کی فراہمی کا طریقہ وہ سوال ہو گا جس پر سب سے زیادہ بحث ہو گی۔

USA Arbeitsmarkt Jobzenter in New York
نیویارک کے ایک جاب سینٹر میں چند شہری اپنے لئے روزگار تلاش کرتے ہوئےتصویر: AP

دسمبر میں ایوان نمائندگان نے 155 بلین ڈالر کا ایک ِبل منظور کیا تھا جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے ذریعے امریکی کارکنوں کو روزگار کی فراہمی اور ریاستوں کی اپنے ملازمین کو تنخواوں کی ادائیگی میں ان کی مدد کرنا ہے۔

امکان ہے کہ سینیٹ میں اکثریتی جماعت کے پارلیمانی رہنما کے نائب ڈِک ڈربِن سینیٹر Byron Dorgan کے ساتھ آنے والے چند ہفتوں میں ایوان بالا میں روزگار سے متعلق ایک نیا پیکیج منظوری کے لئے پیش کریں گے۔ اس ِبل میں ممکنہ طور پر ایسے اقدامات تجویز کئے جائیں گے جن سے چھوٹے تاجروں کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔

ماہرین ابھی سے کہہ رہے ہیں کہ اگر سینیٹ روزگار سے متعلق کوئی نیا ِبل منظور کرتی ہے تو اس کا لب و لہجہ ایوان نمائندگان کے منظور کردہ روزگار ہی سے متعلق ِبل کی طرح کا ہونا چاہیے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں کا خیال ہے کہ ایوان نمائندگان کا نظام صحت میں اصلاحات کے سلسلے میں پاس کردہ ِبل ضابطے کی تمام کارروائی مکمل ہونے اور صدارتی توثیق کے بعد نافذ العمل ہو جانا چاہیے، تاکہ ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس بے روزگاری کے مسئلے پر بھر پور توجہ دے سکیں۔ صدر اوبامہ صحت کے شعبے میں اس نئی قانون سازی پر غالبا جنوری کے آخر یا فروری کے شروع میں دستخط کر دیں گے۔

امریکہ میں بہت زیادہ بےروزگاری کے ساتھ ساتھ 12.4 ٹریلین ڈالر کا ریاستی قرضہ بھی امریکی عوام اور سیاست دانوں کو شدید پریشان کئے ہوئے ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اسی سال نومبر میں ایوان نمائندگان کے 435 اور سینیٹ کی ایک تہائی نشستوں پر انتخابات سے پہلے پہلے امریکی سیاستدان اور قانون ساز ادارے بے روزگاری پر قابو اور ریاستی قرضوں میں کمی کے اہداف کس حد تک حاصل کر پاتے ہیں۔

رپورٹ: عبدالستار

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں