1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ نے حملہ کیے بغیر ہی پاکستان کو ’غلام‘ بنا لیا، خان

16 مئی 2022

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے پاکستان پر حملہ کیے بغیر ہی اسے ’غلام‘ بنا لیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری میں اپنے امریکی ہم منصب سے آنکھ سے آنکھ ملاکر بات کرنے کے جرأت نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/4BLNk
Pakistan | Imran Khan Demonstration in Lahore
تصویر: K.M. Chaudary/AP Photo/picture alliance

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کے روز ایک بار پھر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری پر بدعنوانی کے الزامات لگائے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق عمران خان نے کہا کہ اگلے ہفتے جب بلاول بھٹو امریکہ کے دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کریں گے تو وہ ان سے پیسے کی "بھیک"مانگیں گے تاکہ میں (عمران خان) دوبارہ اقتدار میں نہ آسکوں۔

فیصل آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلاول بھٹو میں بلنکن کے سامنے آنکھ اٹھا کر بات کرنے کی ہمت نہیں ہے کیونکہ امریکی وزیر خارجہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ بلاول اور ان کے والد آصف علی زرداری نے اپنی دولت دنیا بھر میں کہاں کہاں چھپا رکھی ہے۔

سابق پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو یہ تمام باتیں معلوم ہیں یہی وجہ ہے کہ بلاول امریکہ کے سامنے آنکھ ملا کر بات کرنے کی ہمت نہیں کریں گے کیونکہ انہیں یہ اندازہ ہے کہ اگر انہوں نے ایسا کیا تو تمام چیزوں سے محروم ہوجائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا،"چونکہ بلاول کی ساری دولت ملک کے باہر جمع ہے اس لیے وہ امریکہ کو ناراض نہیں کرسکتے ورنہ وہ تمام چیزوں سے محروم ہوجائیں گے۔"

Pakistan | Imran Khan Demonstration in Lahore

'امریکہ بھارت کو مجبور نہیں کرسکتا'

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکہ اپنے مفاد کے بغیر کبھی بھی کسی ملک کی مدد نہیں کرتا۔ "امریکہ پاکستان سے کہے گا وہ فلسطین کے بارے میں بولنا چھوڑ دے۔" 

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ بھارت کو اپنے شرائط منوانے کے لیے مجبور نہیں کرسکتا کیونکہ بھارت ایک آزاد ملک ہے۔

انہوں نے کہا "امریکہ نے پاکستان پر حملہ کیے بغیر ہی اسے غلام بنالیا ہے۔ لیکن پاکستان کے عوام امپورٹیڈ حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔"

Pakistan | Imran Khan Demonstration in Lahore

'اگر مجھے کچھ ہوا تو پاکستانی عوام انصاف دلائیں گے'

جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو پاکستانی عوام ان کی طرف سے انصاف طلب کریں گے۔ انہوں نے کہا،"مجھے کچھ ہوا تو لوگو ویڈیو دیکھ کر مجھے انصاف دلانا، جن جن کے نام ویڈیو میں ہیں ان کو کٹہرے میں لانا۔"

عمران خان نے اس سے قبل سیالکوٹ کے جلسے میں کہا تھا کہ انہیں قتل کرنے کی سازش ہورہی ہے۔ اور ان کے پاس ایک ویڈیو موجود ہے جس میں ان تمام لوگوں کے نام ہیں جو یہ سازش کررہے ہیں۔ سیالکوٹ کے جلسے میں انہوں نے مزید کہا تھا کہ اگر انہیں کچھ ہوجاتا ہے تو اس ویڈیو کو جاری کردیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا، "لیاقت علی خان کو قتل کیا گیا، ان کے قاتل نہیں پکڑے گئے، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی، ضیاالحق کا طیارہ پھٹا، پتا نہیں چلا کہ پیچھے کون تھا۔ بیرونی سازش اور اندر کے میر جعفروں، میر صادقوں کے ذریعے ہماری حکومت کو ختم کیا گیا، ان چوروں، لٹیروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، ہم اس امپورٹڈ حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔"

ج  ا/ص ز  (ایجنسیاں)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید