امریکی اتحادی افواج کے الرقہ پر حملے، بیالیس شہری ہلاک
22 اگست 2017شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں انیس بچے اور بارہ خواتین بھی شامل ہیں۔
اس برطانوی واچ ڈاگ کے مطابق چودہ اگست سے اب تک ہلاک ہونے والوں عام شہریوں کی تعداد 167 سے تجاوز کر گئی ہے۔
اسلامک اسٹیٹ یا ‘داعش‘ کے خبر رساں ادارے عماق کے مطابق اتوار کے روز البادو کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر فضائی حملے میں 40 شہری ہلاک ہوئے تھے۔ ان فضائی حملوں نے متعدد عام شہریوں کو اسلامک اسٹیٹ کے زیر تسلط اس علاقے سے نکلنے پر مجبور کردیا ہے ۔
امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے چھ جون کو داعش کے زیر قبضہ اس اہم علاقے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جنگی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ اس طرح اب تک امریکی حمایت یافتہ جنگجو متعدد علاقوں پر قبضہ کر چکے ہیں۔
امریکا اور اس کی اتحادی فورسز کے مطابق کرد باغیوں اور سنی قبائل پر مشتمل سیرین ڈیموکریٹک فورسز کا گروپ شام میں داعش کے خلاف سب سے مؤثر گروپ ثابت ہو رہا ہے۔