1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدارتی انتخابات: بھارتی نژاد راماسوامی ٹرمپ کے نائب؟

25 جون 2024

وسکونسن میں ایک انتخابی ریلی کے دوران سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی نژاد وویک راماسوامی کی زبردست تعریف کی۔ اس کے بعد سے ہی راماسوامی کو آئندہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کے ممکنہ نائب کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4hTW6
نو اگست 1985 میں امریکہ میں پیدا ہونے والے وویک گنپتی راما سوامی ایک کاروباری اور سیاست داں ہیں
نو اگست 1985 میں امریکہ میں پیدا ہونے والے وویک گنپتی راما سوامی ایک کاروباری اور سیاست داں ہیںتصویر: Anthony Anex/KEYSTONE/picture alliance

اب جب کہ یہ تقریباً واضح ہوگیا ہے کہ امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان ہوں گے، سابق صدر کے نائب یا رننگ میٹ کے ممکنہ امیدوار کے حوالے سے قیاس آرائیاں زوروں پر ہیں۔

وویک ایک 'ذہین شخص' ہیں، ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ نے حالانکہ مارچ میں ان خبروں کو مسترد کردیا تھا کہ وویک ان کے نائب صدر ہو سکتے ہیں۔ لیکن پچھلے ہفتے حالات نے ایک نیا موڑ لیا، جب سابق امریکی صدر نے وسکونسن میں ایک انتخابی ریلی کے دوران بھارت نژاد امریکی کاروباری کی تعریف کیں۔

بھارتی نژاد امریکی ارب پتی کی سیاست میں انٹری اور مقبولیت

امریکی صدارتی انتخابات: بائیڈن اور ٹرمپ میں مقابلہ تقریباً طے

ٹرمپ نے راماسوامی کو ایک "ذہین شخص" قرار دیا جو اپنی انتظامی صلاحیتوں سے حالات پر قابو پاسکتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا،"اگر میں وویک کو کوئی کام دوں تو وہ اسے انجام دے سکتے ہیں۔ وہ کسی نہ کسی صورت میں ہمارے ساتھ رہیں گے، اگر نائب صدر کے طور پرنہ بھی رہیں۔"

وویک گنپتی راما سوامی نے جنوری میں آئیوا کاکسز میں چوتھے نمبر پر آنے کے بعد صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے اپنی مہم معطل کردی
وویک گنپتی راما سوامی نے جنوری میں آئیوا کاکسز میں چوتھے نمبر پر آنے کے بعد صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے اپنی مہم معطل کردیتصویر: Morry Gash/AP/picture alliance

سوشل میڈیا پر بھی وویک راماسوامی کی تعریفیں

 سوشل میڈیا پر وویک راماسوامی کی تعریف میں متعدد لوگوں نے پوسٹ کی ہیں۔ ایک شخص نے ٹرمپ کے ساتھ وویک راماسوامی کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، "وویک ہی ٹرمپ کے نائب صدر ہونے جارہے ہیں۔"

اس ویڈیو کو پوسٹ کیے جانے کے کچھ ہی دیر میں دس لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھا، جب کہ سینکڑوں نے اس پر تبصرے کیے۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ تمام چونتیس الزامات میں مجرم قرار

ایک صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا، "میں انہیں (ٹرمپ) کو صرف اسی صورت میں ووٹ دوں گا جب وویک ان کے نائب صدر ہوں گے۔"

ایک دوسرے صارف نے تبصرہ کیا،"میرے خیال میں وویک راماسوامی کسی بھی عہدے کے لیے بہترین انتخاب ہیں، وہ ناقابل یقین حد تک ذہین اور سلجھے ہوئے شخص ہیں۔ وویک کے لیے سن 2028 میں صدر کی امیدواری کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔"

ٹرمپ نے راماسوامی کو ایک" ذہین شخص" قرار دیا جو اپنی انتظامی صلاحیتوں سے حالات پر قابو پاسکتا ہے
ٹرمپ نے راماسوامی کو ایک" ذہین شخص" قرار دیا جو اپنی انتظامی صلاحیتوں سے حالات پر قابو پاسکتا ہےتصویر: Pablo Martinez Monsivais/AP Photo/picture alliance

وویک راما سوامی کون ہیں؟

نو اگست 1985 میں امریکہ میں پیدا ہونے والے وویک گنپتی راما سوامی ایک کاروباری اور سیاست داں ہیں۔ انہوں نے سن 2014 میں ایک دواساز کمپنی کی بنیاد رکھی۔ امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے فروری 2023 میں اپنی امیدواری کا اعلان کیا لیکن جنوری 2024 میں آئیوا کاکسز میں چوتھے نمبر پر آنے کے بعد اپنی مہم معطل کردی۔

بھارتی تارکین وطن کی اولاد وویک راما سوامی نے ہارورڈ کالج سے بائیولوجی میں بیچلر ڈگری حاصل کی اور بعد میں ییل لا اسکول سے قانون کی ڈگری لی۔ انہوں نے ایک سرمایہ کاری فرم کی مشترکہ بنیاد بھی رکھی۔ جنوری 2024 میں فوربس نے راماسوامی کی مجموعی دولت کا تخمینہ 960 ملین ڈالر سے زیادہ کا لگایا تھا۔