امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے اعلیٰ وفد کا دورہء ایران
9 اپریل 2016ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا نے جمعہ آٹھ اپریل کو رات گئے اپنی رپورٹوں میں کہا کہ بوئنگ کے ماہرین اور اعلیٰ عہدیداروں کے وفد کے اس دورے کے دوران ایران کی قومی ایئر لائن ایران ایئر اور دیگر مقامی فضائی کمپنیوں کے نمائندے اس وفد سے مذاکرات کریں گے۔
قبل ازیں گزشتہ ماہ مارچ میں ایران میں شہری ہوا بازی کی ملکی تنظیم کے سربراہ علی عابد زادہ نے کہا تھا کہ ایران ممکنہ طور پر بوئنگ کے ساتھ اس کے تیار کردہ ہوائی جہازوں کی خریداری کا ایک معاہدہ طے کرنے والا ہے۔
اس کے برعکس امریکی شہر شکاگو میں قائم طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کی طرف سے ایک سے زائد مرتبہ یہ کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران ایران کو طیارے بیچنے کا کوئی معاہدہ طے نہیں پائے گا بلکہ اس دوران تہران میں حکام کے ساتھ بات چیت میں صرف ’ایرانی فضائی بیڑے کی منصوبہ بندی سے متعلق امکانات‘ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایران کی سرکاری ایئر لائن ایران ایئر تہران کے خلاف بین الاقوامی اقتصادی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد سے یورپی طیارہ ساز کنسورشیم ایئربس کے ساتھ پہلے ہی 118 مسافر بردار طیاروں کی خریداری کے معاہدے کر چکی ہے۔
اس کے علاوہ ایران ایئر فرانسیسی اطالوی طیارہ ساز کمپنی اے ٹی آر (ATR) کے ساتھ بھی مختلف کاروباری معاہدے کر چکی ہے، جن کے مطابق یہ یورپی ادارہ ایران کی قومی فضائی کمپنی کو 20 سے زائد مسافر بردار طیارے فروخت کرے گا۔
بوئنگ کے وفد کے اس آئندہ دورہء ایران کے بارے میں اپنے کسی تازہ موقف میں خود اس امریکی کمپنی کی طرف سے کچھ نہیں کہا گیا۔