اميد کا پيغام : اولمپک کھيلوں کے ليے مہاجرين کی دس رکنی ٹيم
اولمپکس سن 2016 کا انعقاد جنوبی امريکا کے ملک برازيل کے شہر ريو ڈی جنيرو ميں پانچ تا اکيس اگست ہو رہا ہے۔ اس بار انٹرنيشنل اولمپک کميٹی (IOC) نے ان کھيلوں ميں شرکت کے ليے مہاجرين کی دس رکنی ٹيم کا بھی اعلان کيا ہے۔
ننگے پاؤں بھاگنے والا ايتھليٹ اب اولمپکس ميں دوڑے گا
جيمز نيانگ چنگچيک (James Nyang Chiengjiek) ٹريک اور فيلڈ ايتھليٹ ہيں، جن کا تعلق انتشار کے شکار ملک جنوبی سوڈان سے ہے تاہم وہ افريقی ملک کينيا ميں مقيم ہيں اور وہيں ٹريننگ کرتے رہے۔ انہوں نے دوڑنے کا آغاز کينيا ميں اپنے اسکول جانے کے وقت ميں ہی کر ديا تھا۔ جيمز اکثر ننگے پاؤں دوڑا کرتے تھے جس سبب وہ کئی بار زخمی بھی ہوئے۔ اولمپک کھيلوں ميں وہ مردوں کی چار سو ميٹر کی دوڑ ميں حصہ ليں گے۔
ايک سال پہلے ٹرينگ شروع کرنے والا عالمی سطح کے مقابلے کے ليے تيار
ييش پور بيل (Yiech Pur Biel) ٹريک اينڈ فيلڈ ايتھليٹ ہيں جن کا آبائی ملک جنوبی سوڈان ہے۔ وہ کينيا ميں رہتے ہيں اور وہيں ٹرينگ کرتے رہے۔ سن 2016 کے اولمپک کھيلوں ميں مردوں کی آٹھ سو ميٹر کی دوڑ ميں حصہ ليں گے۔ ييش سن 2005 ميں اپنے ملک ميں جاری خانہ جنگی سے فرار ہوئے تھے۔ دس برس کاکوما مہاجر کيمپ ميں رہنے کے بعد پچھلے سال ہی انہوں نے دوڑنے کے ليے باقاعدہ ٹريننگ شروع کی۔
پندرہ سو ميٹر کا ماہر مہاجر
پاؤلو اموٹون لوکورو (Paulo Amotun Lokoro) کا تعلق بھی جنوبی سوڈان ہی سے ہے اور وہ بھی کينيا ميں پناہ ليے ہوئے ہيں۔ پاؤلو پندرہ سو ميٹر کی دوڑ ميں مہارت رکھتے ہيں۔ انہوں نے پناہ کے ليے اپنا ملک سن 2006 ميں چھوڑا تھا۔
يورپی ميں تيزی کے مقبول ہونے والا ايتھليٹ
يوناس کندے (Yonas Kinde) ٹريک اينڈ فيلڈ ايتھليٹ ہيں اور ان کا آبائی ملک ايتھوپيا ہے۔ ان دنوں وہ يورپی رياست لکسمبرگ ميں پناہ ليے ہوئے ہيں۔ کندے نے اپنی تيز ترين ميراتھان دوڑ دو گھنٹے اور سترہ منٹ ميں مکمل کی تھی۔ يورپ ميں اپنے چھوٹے سے کيريئر ميں اب تک وہ علاقائی سطح کے متعدد مقابلے جيت چکے ہيں۔ سن 2016 کے اولمپک کھيلوں ميں وہ مردوں کی ميراتھان ميں حصہ ليں گے۔
جُوڈو کراٹے کے ذريعے قسمت کو مات دينے والا کھلاڑی
پوپول مسينگا (Popole Misenga) در اصل افريقی ملک کانگو سے ہيں۔ جوڈو کراٹے کا کھيل انہوں نے کنشاسا کے ايک کيمپ ميں شروع کيا تھا۔ افريقی انڈر ٹوئنٹی چيمپئن شپ ميں انہوں نے پيتل کا تمغہ جيتا تھا۔ پوپول نے برازيل ميں سياسی پناہ لی ہوئی ہے وہ وہيں ٹريننگ کرتے ہيں۔ اس بار اولمپکس ميں وہ مردوں کے نوے کلوگرام کے مقابلوں ميں زور آزمائيں گے۔
کچھ ہی سالوں ميں کہاں سے کہاں تک
شامی پناہ گزين رامی انيس (Rami Anis) اولمپک کھيلوں ميں پيراک کی حيثيت سے حصہ ليں گے۔ يہ پچيس سالہ کھلاڑی شامی شہر حلب کا رہنے والا تھا تاہم ان دنوں يورپی ملک بيلجيم ميں رہائش پذير ہے۔ رامی حلب سے فرار ہونے کے بعد ايک چھوٹی سی کشتی پر بحيرہ ايجيئن کا انتہائی خطرناک سفر طے کرتے ہوئے ترکی پہنچا، پھر وہاں سے يونان اور يونان سے بيلجيم۔ رامی مردوں کے ايک سو ميٹر کی سوئمنگ کے مقابلوں ميں حصہ لے گا۔
اولمپکس کے ليے تيار
تيئس سالہ روز لوکونيئن (Rose Lokonyen) جنوبی سوڈان سے تعلق رکھتی ہيں۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سن 2002 ميں اپنا آبائی ملک چھوڑ کر کينيا ميں پناہ لے لی تھی۔ روز فيلڈ اينڈ ٹريک ايتھليٹ ہيں اور وہ پچھلے ہی سال کاکوما کے معروف اور کافی بڑے مہاجر کيمپ ميں دس کلوميٹر کی دوڑ ميں حصہ لے چکی ہيں۔
بچپن سے ہی جيتنے کی لگن
انجيلينا نادائی لوہالتھ (Anjelina Nadai Lohalith) بھی جنوبی سوڈان سے ہيں اور وہ بھی فيلڈ اينڈ ٹريک ايتھليٹ ہيں۔ وہ آٹھ سو ميٹر کی دوڑ ميں حصہ ليں گی۔ سن 2001 ميں انجيلينا صرف چھ برس کی ہی تھيں جب انہيں خانہ جنگی کے سبب اپنے خاندان کے ساتھ ملک سے فرار ہونا پڑا تھا۔ اسکول کے دوران ہی انہوں نے دوڑ میں حصہ لینا شروع کر دیا تھا اور متعدد مقابلے بھی جيت ليے تھے۔
’اپنی کاميابی کو مہاجرين کی جدوجہد کے ليے استعمال کرنا چاہتی ہوں‘
يولاند بوکاسا مابيکا (Yolande Bukasa Mabika) کانگو ميں پيدا ہونے والی جوڈو کراٹے کی برازيلين کھلاڑی ہيں۔ سن 2013 ميں وہ ورلڈ جوڈو چيمپئن شپ ميں شرکت کے ليے برازيل گئی تھيں اور پھر انہوں نے وہيں سياسی پناہ کے ليے درخواست دے ڈالی۔ برازيل ميں ان کے کوچز نے ان سے رقم چھين لی تھی، جس کے بعد وہ دو ايام تک بے يار و مددگار اور خالی پيٹ سڑکوں پر پھرتی رہيں۔
بحيرہ ايجنئن کی موجوں سے لڑنے والی ايتھليٹ
شامی تيراک يسرٰی ماردينی (Yusra Mardini) قريب ايک برس قبل اپنی اور کشتی پر سوار اپنے ساتھيوں کی جان بچانے کے ليے بحيرہ ايجنئن کی موجوں سے لڑ رہی تھيں۔ وہ پناہ کے مقصد سے برلن ميں رہتی ہیں۔ شامی پناہ گزين يسرٰی کا تعلق دمشق سے ہے اور وہ سن 2012 ميں منعقدہ ورلڈ سوئمنگ چيمپئن شپ ميں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکی ہيں۔ يسرٰی ريو ميں ايک سو ميٹر بٹر فلائی اور فری اسٹائل سوئمنگ مقابلوں ميں شرکت کريں گی۔