1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسائیکلوپیڈیا آف لائف، جانداروں کی ڈیڑھ لاکھ اقسام کے بارے میں معلومات

8 ستمبر 2009

اب تک دنیا بھر میں جانوروں، پودوں اور دیگر جانداروں کی قریب 18 لاکھ اقسام دریافت کی جاچکی ہیں۔ انسائیکلوپیڈیا آف لائف میں ان جانداروں میں سے ڈیڑھ لاکھ مختلف اقسام کے بارے میں مکمل معلومات آن لائن دستیاب ہے۔

https://p.dw.com/p/JVhW
تصویر: AP

یوں تو ان جانداروں کے بارے میں معلومات آپ کو علم حیوانیات اور نباتات کے موضوع پر ضخیم کتابوں میں مل ہی جائیں گی، مگر انٹرنیٹ پر جہاں زندگی کے ہر شعبے سے متعلق معلومات دستیاب ہیں ، ابھی تک تمام 18 لاکھ اقسام کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ مگر ایک بین الاقوامی ویب سائٹ ایسی بھی ہے جو اس بارے میں تمام معلومات جمع کررہی ہے۔ دوسال کے عرصے کے دوران اس ویب سائٹ پر جانداروں کی ڈیڑھ لاکھ مختلف اقسام کے بارے میں معلومات جمع ہوچکی ہے۔

انسائیکلوپیڈیا آف لائف نامی اس ویب سائٹ کا ایڈریس ہے www.eol.org ۔ یہ ویب سائٹ جانداروں کی اقسام کے بارے میں مفت معلومات فراہم کرتی ہے۔ اور اب تک اس پر ڈیڑھ لاکھ مختلف اقسام کے پودوں اور جانوروں کے بارے میں معلومات جمع ہوچکی ہیں۔ اس پراجیکٹ کو چلانے والے ادارے کو امید ہے کہ 10 سال کے عرصے میں اب تک معلوم جانداروں کی تمام 18 لاکھ اقسام کی تفصیل اس ویب سائٹ پر موجود ہوگی۔

یہ پراجیکٹ جان اینڈ کیتھرین میک آرتھر فاؤنڈیشن کے مالی تعاون سے 25 اگست 2007 کو شروع کیا تھا، جس کا مقصد تھا کہ دنیا بھر میں جانداروں کی اب تک معلوم تمام اقسام کے بارے میں معلومات جمع کی جائیں۔

BDT Männliches Knabenkraut Orchis mascula Orchidee des Jahres 2009
ڈیڑھ لاکھ اقسام میں جانوروں، حشرات الارض اور پرندوں کے علاوہ پودے بھی شامل ہیں۔تصویر: AP

اس ویب سائٹ پر کوئی بھی انٹرنیٹ استعمال کنندہ ایک ویب پیج بنا سکتا ہے جس میں وہ کسی بھی جانور یا پودے کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتا ہے اور تصاویر بھی دے سکتا ہے۔ یہ تفصیلات پھر ویب سائٹ کے ماہرین کے پاس جاتی ہیں۔ نئے جاندار کے بارے میں تصدیق کے بعد یہ تمام تفصیلات اس ویب سائٹ پر عام لوگوں کی رسائی کے لئے جاری کردی جاتی ہیں۔

اس ویب سائٹ کے آغاز کو دو برس مکمل ہونے پر جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے 200 ممالک سے قریب 20 لاکھ افراد نے اس ویب سائٹ پر معلومات کی فراہمی میں حصہ لیا۔ نتیجتاﹰ دو سال کے عرصے میں اس ویب سائٹ پر ڈیڑھ لاکھ مختلف اقسام کے جانداروں کے بارے میں جامع معلومات دستیاب ہیں۔ اس پراجیکٹ کو شروع کرنے والے افراد کے امید ہے کہ یہ انسائیکلوپیڈیا ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار جانداروں کے بچاؤ کے لئے حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے ٹھوس معلومات فراہم کرے گا۔

جان اینڈ کیتھرین میک آرتھر فاؤنڈیشن فاؤنڈیشن نے ابتدائی طور پر 10 ملین ڈالر اس پراجیکٹ کو شروع کرنے کے لئے عطیہ کئے تھے۔ اس فاؤنڈیشن کے نائب صدر آرتھر سوزمین کے مطابق معلومات کا یہ ذخیرہ محققین اور پالیسی سازوں کو پودوں اور جانوروں کے رویوں کو بہتر طور پر جاننے کا انتہائی اہم ذریعہ فراہم کرے گا۔ اور مستقبل میں یہ زندگی سے متعلق سائنس کے لئے معلومات کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا۔

انگریزی زبان نہ جاننے والوں کے لئے یہ ویب سائٹ مختلف زبانوں اور ملکوں کے لئے انہی کی زبان میں معلومات فراہم کرتی ہے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : عدنان اسحاق