1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسانوں کی مبینہ اسمگلنگ کرنے والی پاکستانی تنظیم پر پابندی

8 اپریل 2021

امریکا نے پاکستان میں قائم انسانوں کی مبینہ اسمگلنگ کرنے والی ایک تنظیم پر پابندیاں لگاتے ہوئے اسے بلیک لسٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس تنظیم پر انسانوں کو اسمگل کر کے امریکا بھیجنے کے غیر قانونی کاروبار کا الزام ہے۔

https://p.dw.com/p/3riji
غیر قانونی تارکین وطن، امریکا
تنظیم اپنے گاہکوں کو جعلی پاسپورٹ بھی فراہم کرتی تھیتصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Gay

امریکا نے بدھ کے روز مبینہ طور پر پاکستان میں قائم ایک ایسی تنظیم پر پابندیوں کا اعلان کر دیا، جو پاکستانی شہریوں اور ایسے غیر ملکیوں کو، جنہیں امریکا اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے،  اسمگل کر کے امریکا پہنچانے کا کام کرتی ہے۔

واشنگٹن حکومت کی طرف سے اس پاکستانی تنظیم پر پابندیوں کا اعلان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے لیے امریکا اور میکسیکو کی سرحد تارکین وطن کی آمد کے حوالے سے ایک بہت بڑا سیاسی چیلنج بن چکی ہے۔

جرمنی: افغان باشندوں کی درختوں کے تنوں سے بھرے ٹرک میں اسمگلنگ

امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے ایک پاکستانی شہری عابد علی خان اور اس کی 'بین الاقوامی مجرمانہ تنظیم‘ کے ساتھ ساتھ تین دیگر مشتبہ افراد اور اس ادارے سے وابستہ ایک دوسری تنظیم پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ عابد علی خان اور اس کے ادارے کو 'کثیر تعداد میں انسانوں کی اسمگلنگ کرنے والی تنظیم‘ قرار دیتا ہے۔

عابد علی خان پر الزامات

پاکستانی شہری عابد علی خان پر بدھ کو امریکا کی جنوب مشرقی ریاست ورجینیا کے مشرقی ضلع کی ایک وفاقی گرینڈ جیوری نے غیر قانونی طور پر اور دستاویزات کے بغیر پاکستان اور افغانستان سے انسانوں کو اسمگل کر کے امریکا بھیجنے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی تھی۔

بھارت میں انسانی اسمگلنگ: ملزمان جیلوں سے باہر

امریکی محکمہ انصاف کے فوجداری ڈویژن کے قائم مقام معاون اٹارنی جنرل نکولس میکویڈ نے ایک بیان میں کہا، ''عابد علی خان نے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کے ایک ادارے کو منظم کیا۔ یہ ادارہ بہت سے ممالک کے افراد کو غیر قانونی طور پر اسمگل کر کے انہیں امریکا پہنچانے کا کام کرتا ہے۔‘‘ محکمہ خزانہ نے نے عابد علی خان کی تنظیم پر الزام عائد کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ادارہ 2015ء سے غیر ملکیوں کو لاطینی امریکا میں مختلف راستوں سے امریکا اسمگل کرنے کا کام کر رہا ہے۔

چھ ہزار یورو کے عوض دیگر یورپی ممالک کے لیے انسانی اسمگلنگ

Flughafen Atlanta USA Flash-Galerie
امریکی ہوائی اڈوں پر تمام غیر ملکی مسافروں کی سخت چیکننگ کی جاتی ہے۔تصویر: AP

اسمگلنگ کا راستہ

امریکی محکمہ خزانے کے بیان کے مطابق عابد علی خان اور اس کی تنظیم کے ارکان غیر ملکیوں کی امریکا اسمگلنگ کے عمل کو مربوط بناتے ہیں اور اس کام کے عوض اوسطاً 20 ہزار ڈالر فی کس فیس وصول کرتے ہیں۔

بیان کے مطابق یہ تنظیم اکثر جو راستہ اختیار کرتی ہے، وہ پاکستان یا افغانستان سے شروع ہوتا ہے اور وسطی ایشیا کی کئی گزرگاہوں یا سرحدوں کو پار کرتے ہوئے متعدد وسطی اور جنوبی امریکی ممالک سے گزر کر امریکا کی جنوبی سرحدوں کے اندر جا کر ختم ہوتا ہے۔ اس تنظیم پر یہ الزام بھی ہے کہ وہ اپنے گاہکوں کو دھوکا دہی سے بنائے گئے یا جعلی پاسپورٹ بھی فراہم کرتی ہے۔

اثاثے منجمد

امریکی محکمہ خزانہ اور محکمہ انصاف کی طرف سے عابد علی خان اور اس کی تنظیم پر پابندیوں کے اعلان کے ساتھ ساتھ ان کے امریکا میں اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں اور امریکی شہریوں کو اس تنظیم یا اس کے ارکان کے ساتھ کسی بھی لین دین سے خبردار بھی کیا گیا ہے۔

انسانی اسمگلنگ کا شکار بھارتی لڑکیاں اپنی شناخت کی تلاش میں

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس نے مبینہ ملزم عابد علی خان سے درخواست کی کہ وہ اپنے خلاف لگائی گئی امریکی پابندیوں پر کوئی تبصرہ کریں تاہم خان نے اس بارے میں کوئی رد عمل ظاہر نا کیا۔ خان کو روئٹرز نے یہ پیغام غیر ملکی اثاثوں کے کنٹرول کے امریکی محکمے کے ذریعے ملنے والے اس کے ای میل پتوں پر بھیجا تھا۔

ک م / م م (روئٹرز)