1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسانی جسمانی اعضاء کی پیوند کاری

عاطف توقیر22 فروری 2009

جسم کے کسی عضو کے کٹ کر الگ ہو جانے کی صورت میں سب سے زیادہ موثر طریقہ علاج اس عضو کی ری پلانٹیشن یا جسم سے دوبارہ جوڑنا ہے تاکہ وہ پھر سے اپنے افعال کی انجام دہی شروع کر سکے۔

https://p.dw.com/p/GwqQ
ری پلانٹیشن کا عمل کئی آپریشنز کا مجموعہ ہوتا ہےتصویر: AP

انسانی جسمانی اعضا ایک مربوط اعصابی نظام، بافتوں شریانوں اور ویریدوں کے علاوہ ہڈیوں کے ایک مضبوط بند سے جڑے ہوتے ہیں اور کسی عضو کے جسم سے الگ ہو جانے کی صورت میں اسے فوری طور پر جسم سے دوبارہ جوڑنا ایک مشکل مگر موثر طریقہ علاج ہے۔

Ausstellung Körperwelten in Heidelberg
انسانی جسمانی اعضاء ایک مربوط اعصابی اور شریانی نظام سے جڑے ہوتے ہیںتصویر: AP

پاکستانی شہر کراچی میں ہڈیوں کے سرجن اور جسمانی اعضاء کی ری پلانٹیشن کے ماہر ، اے او کلینک کے سربراہ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے ڈوئچے ویلے سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ایسے آپریشن کی سب سے مشکل بات وقت کی کمی ہوتی ہے کیونکہ کوئی انسانی عضو جسم سے الگ ہو جائے تو اسے دوبارہ منسلک کرنے کے لئے دستیاب وقت بہت کم ہوتا ہے۔

Ausstellung Körperwelten in Heidelberg freies Format
جسمانی اعضاء دماغ سے ایک اعصابی نظام سے جڑے ہوتے ہیںتصویر: AP

ان کا کہنا تھا کہ ری پلانٹیشن صرف ایک سرجری نہیں بلکہ کئی آپریشن کا مجموعہ ہوتی ہے۔ جس میں فوری طور پر ہڈی کا دوبارہ جوڑنا، اعصاب، شریانوں، بافتوں اور جلد کو دوبارہ منسلک کرنا سب سے اہم ہے۔

ڈاکٹر محمد علی شاہ نے بتایا کہ جب کوئی عضو جسم سے الگ ہو جاتا ہے تو وہ کچھ دیر تک زندہ رہتا ہے اور اس کے خلیات کے مرنے سے پہلے پہلے اگر اسے دوبارہ جسم سے جوڑ دیا جائے تو وہ پھر سے اپنے افعال انجام دے سکتا ہے۔

Wasserstrahl-Skalpell mit Navigationssystem
اس آپریشن میں شریانوں اور بافتوں کو دوبارہ سے جوڑا جاتا ہےتصویر: dpa

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسے آپریشنز کے لئے سب سے اہم بات یہی ہے کہ یہ تمام آپریشنز ایک ہی ڈاکٹر کرے جو بیک وقت ان تمام چیزوں کو مد نظر رکھ سکے۔

ڈاکٹر محمد علی شاہ کے مطابق دنیا کے کئی ایسے ممالک بھی ہیں جہاں اب تک جسمانی اعضاء کو دوبارہ جسم سے جوڑنے کے حوالے سے آپریشنز کی سہولت موجود نہیں۔