1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کولون کے نواح میں انٹرسٹی ٹرین مزدوروں پر چڑھ گئی، دو ہلاک

4 مئی 2023

جرمن شہر کولون کے نواح میں ایک انٹرسٹی ٹرین پٹری کے پاس ہی کام کرنے والے مزدوروں کے ایک گروپ پر چڑھ گئی اور اس واقعے میں کم از کم دو مزدور ہلاک ہو گئے۔ وفاقی جرمن پولیس کے مطابق یہ حادثہ شہر ہیُؤرتھ میں پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/4QueE
Two people have been killed after a train struck what is believed to be a group of workers near the German city of Cologne
تصویر: Sebastian Klemm/dpa/picture alliance

کولون سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ جمعرات چار مئی کے روز قبل از دوپہر ساڑھے گیارہ بچے پیش آیا اور کم از کم دو انسانی اموات کی وجہ بننے والی انٹرسٹی ٹرین کولون سے کوبلینز جا رہی تھی۔

جرمنی اور پولینڈ کو جوڑنے والی’کلچر ٹرین‘

وفاقی جرمن پولیس کے کولون میں قائم دفتر کی ترجمان نے میڈیا کے بتایا کہ اس حادثے میں پانچ مزدور زخمی بھی ہو گئے۔ فوری طور پر ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

دوسری طرف رائن اَیرفٹ کاؤنٹی میں، جہاں ہیُؤرتھ (Hürth) نامی شہر واقع ہے، پولیس کے مرکزی دفتر کی طرف سے بتایا گیا کہ کوبلینز کی طرف سفر کے دوران جب یہ مسافر ریل گاڑی ہیُؤرتھ کے شہری علاقے سے گزر رہی تھی، تو وہاں کام کرنے والے مزدوروں کا ایک گروپ اس ٹرین کی زد میں آ گیا۔

Two people have been killed after a train struck what is believed to be a group of workers near the German city of Cologne
یہ دو منزلہ انٹرسٹی ٹرین کولون سے کوبلینز جا رہی تھیتصویر: Henning Kaiser/dpa/picture alliance

ٹرین پٹری سے نہیں اتری تھی

یہ مزدور وہاں جرمنی کی سب سے بڑی ریلوے کمپنی ڈوئچے بان کے ایک منصوبے پر کام کرنے والے تعمیراتی مزدور تھے۔

یہ تصدیق نہیں کی گئی کہ یہ مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر بھی گئی تھی۔

وہاں کام کرنے والے مزدوروں کے گروپ کا اس ریل گاڑی کی زد میں آ جانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ تب یہ مزدور شاید قریب سے گزرنے والے مسافر ٹرین سے کافی اور محفوظ فاصلے پر نہیں تھے۔

پورے جرمنی کے لیے نو یورو ماہانہ کی ٹرین ٹکٹ بہت کامیاب رہی

جرمنی میں پورا ریلوے نیٹ ورک اور تمام ریلوے اسٹیشن سلامتی کے معاملات کے حوالے سے وفاقی جرمن پولیس کی عمل داری میں آتے ہیں۔ فیڈرل پولیس نے جمعرات کی سہ پہر تک بس یہی کہا کہ اس حادثے کی حقیقی وجوہات کے تعین کے لیے چھان بین جاری ہے۔

ٹرین میں یورپ کا مفت سفر

حادثے کے وقت انٹرسٹی ٹرین میں بہت سے مسافر سوار تھے، جو سب کے سب محفوظ رہے۔ اس حادثے کو تاہم ریلوے ٹریک کے پاس سے کئی عینی شاہدین نے بھی دیکھا۔

جرمنی: ٹرینیں لیٹ، مسافروں کو 53 ملین یورو کی ادائیگی

کولون، ڈسلڈورف اور بون کی طرح ہیُؤرتھ کا قدرے چھوٹا شہر بھی سب سے زیادہ آبادی والے جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا ہی میں واقع ہے۔ حادثے کے فوری بعد کئی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ امدادی کارکنوں کے مطابق کسی بھی زخمی کی جان خطرے میں نہیں تھی۔

م م / ع ا (ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی)