انگريزی ادب کا اعلی انعام، ہاورڈ جيکبسن کے لئے
13 اکتوبر 2010اس سال کا مشہور Booker Prize ، برطانوی مصنف ہاورڈ جيکبسن کو دينے کا اعلان کيا گيا ہے۔ اُنہيں يہ انعام، محبت، خسارے اور محرومی اوريہوديت پسندی پر اُن کے ناول کو ديا گيا ہے۔ جيکبسن نے اس ناول " The Finkler Question" ميں اسکول کے زمانے کے دو پرانے دوستوں اور اُن کے اُستاد کی کہانی لکھی ہے۔ اُنہيں ملنے والے انعام کی رقم 80 ہزار ڈالر ہے۔ لندن کے اس مصنف اور کالم نگار کا نام اس سے پہلے دو مرتبہ بُکر ايوارڈ کے لئے لمبی مدت تک زير غور رہا تھا۔ اس مرتبہ ٹام ميکارتھی اور دو دفعہ بُکر پرائز لينے والے پيٹر کيری کے نام بھی انعام کے لئے زير غور تھے، ليکن بالآخر جيکبسن کو منتخب کيا گيا۔
جيکبسن اپنی تصنيفی صلاحيتوں کے ساتھ ساتھ اس لئے بھی مشہور ہيں کہ وہ بڑے ادبی انعامات کے بہت قريب تک پہنچ جانے کے باوجود بھی اُن سے محروم ہی رہتے ہيں۔ اُنہوں نے بُکر ايوارڈ ليتے وقت اس بارے ميں مزاح کيا کہ وہ کتنے لمبے عرصے سے اس انعام کا انتظار کررہے تھے۔ اُنہوں نے لندن ميں انعام وصول کرنے کی اس تقريب ميں تقرير کرتے ہوئے کہا: "ميرے پاس اس وقت الفاظ نہيں ہيں۔ خوش قسمتی سے ميں يہ تقرير سن 1983 ہی ميں تيار کرچکا تھا۔ اب سوچ ليجيے کہ مجھے کتنے لمبے عرصے تک انتظار کرنا پڑا ہے۔" جيکبسن نے مزيد کہا: " يہ بہت حيران کن بات تھی کيونکہ ميں اس کا بہت عادی بن گيا تھا کہ بُکر پرائز والے مجھے پسند ہی نہيں کرتے۔"
ہاورڈ جيکبسن کو يہ انعام دينے والی پانچ ججوں پر مشتمل جيوری نے يہ فيصلہ متفقہ طور پر نہيں کيا بلکہ تين جج اس کے حق ميں اور دو مخالف تھے۔ تاہم جيوری کے چير مين، برطانوی شاعر اينڈريوموشن نے کہا کہ جيکبسن کا ناول " اس عظيم انعام کا پوری طرح سے حقدار ہے۔" موشن نے يہ بھی کہا: " Finkler Question ايک شاندار کتاب ہے: بہت پُر مزاح، نفيس و نازک، ليکن اس کے ساتھ ہی غمناک اور ذہانت سے پُر بھی۔"
جيکبسن نے اپنے ناول کے مرکزی کردار کے طور پر بی بی سی ريڈيو کے ايک سابق پروگرام پروڈيوسر جولين ٹريسلو کو منتخب کيا ہے جو خود يہودی نہ ہونے کے باوجود يہوديت ميں بہت زيادہ دلچسپی محسوس کرتا ہے۔اس کہانی ميں دو يہودی دوستوں سے جولين کے تعلقات کی روشنی ميں اس موضوع کا احاطہ کیا گيا ہے۔
گارجين اور انڈی پينڈينٹ سميت برطانوی اخبارات نے ہوورڈ جيکسن کو بُکر پرائز ديے جانے کی تعريف کی ہے اور لکھا ہے کہ وہ ايک طويل عرصے سے اس کے مستحق تھے۔
انگريزی زبان کے ادب کے اعلی ترين اعزازات ميں سے يہ انعام بُکر پرائز ہرسال کامن ويلتھ، آئر لينڈ يا زمبابوے سے تعلق رکھنے والے ناول نگار کو ديا جاتا ہے۔ يہ ناول انگلش ميں ہونا چاہيے اور يہ بھی ضروری ہے کہ اس کی اشاعت پچھلے سال ہوئی ہو۔
رپورٹ: شہاب احمد صدیقی
ادارت: کشور مصطفیٰ