انگلینڈ کی شکست ’تاریخ کی بدترین‘
28 جون 2016فرانس میں جاری یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کا یہ میچ پیر ستائیس جون کی رات کھیلا گیا اور ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آئس لینڈ انگلینڈ کو شکست دے کر اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔ راگنر سِیگورسن اور کولبیئن سیگتھورسن کی طرف سے کیے جانے والے گول اس چھوٹی سی یورپی ریاست کو ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچانے کے لیے کافی ثابت ہوئے۔ اس شکست کے بعد نہ صرف انگلینڈ اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا بلکہ ملکی سطح پر بھی برطانوی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس غیر متوقع شکست کے فوراً بعد انگلینڈ کی ٹیم کے کوچ رَوئے ہَوجسن نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی میڈیا نے فٹبال ٹیم اور انتظامیہ کو خوب آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ آج منگل 28 جون کو ملکی اخبارات کی شہ سُرخیوں میں اس شکست کو نہ صرف ’شرمناک‘ بلکہ ’انتہائی ذلت آمیز‘ بھی قرار دیا گیا۔
برطانوی اخبار ٹیلیگراف میں پال ہیوَرڈ نے لکھا، ’’بین الاقوامی فٹبال میں یہ انگلینڈ کی سب سے زیادہ ذلت آمیز شب تھی۔ اس سے بھی کہیں زیادہ جب 1950ء کے ورلڈ کپ میں برازیل نے امریکا کو شکست دی تھی۔‘‘
گارڈیئن کے ڈینیئل ٹیلر نے بھی انگلینڈ کی شکست کو 1950ء میں امریکی شکست سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فٹبال کی دنیا میں پاور ہاؤس سمجھے جانے والے انگلینڈ میں اب اس معاملے پر سوال اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔
ڈیلی میل کے مارٹن سیموئل نے آئس لینڈ کے ہاتھوں اس شکست کو برطانوی فٹبال کے لیے ’زلزلے کے دھچکوں‘ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے کوچ رَوئے ہَوجسن کو شاید 2014ء کے ورلڈ کپ میں برطانوی ٹیم کی شکست کے بعد ہی ٹیم کی کوچنگ سے الگ کر دینا چاہیے تھا۔
فرانس میں کھیلے جانے والے یورو کپ 2016ء میں گزشتہ روز ہی کھیلے جانے والے ایک اور میچ میں اٹلی بھی اسپین کو ہرا کر کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ اٹلی نے اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے یورپی چیمپئن اسپین کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔
اب کوارٹر فائنل میں اٹلی کا مقابلہ جرمنی کے ساتھ جبکہ آئس لینڈ کا یورو کپ کے میزبان فرانس کے ساتھ ہو گا۔ اسی طرح پولینڈ اور پرتگال آمنے سامنے ہوں گے جبکہ ویلز اپنا کوارٹر فائنل میچ بیلجیم کے خلاف کھیلے گا۔