1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما، ممبئی کے بعد نئی دہلی میں

7 نومبر 2010

امریکی صدر باراک اوباما بھارت کے دورے میں ممبئی کے بعد اب نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔ ممبئی میں انہوں نے متعدد تجارتی معاہدوں پر دستخط کئے، جو ان کے بقول امریکی معیشت کے استحکام کا باعث بنیں گے۔

https://p.dw.com/p/Q0jv
تصویر: AP

امریکی صدر اوباما آج اتوار کو بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے ساتھ رات کے کھانے پر ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم من موہن سنگھ بھارت کی معاشی ترقی میں ایک کلیدی کردار کی حامل شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے سن 1990ء میں بطو وزیرخزانہ بھارت کی معاشی ترقی کے لئے ایک لائحہء عمل ترتب دیا تھا اور اسی پر گامزن رہتے ہوئے اس وقت بھارت دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ایک اہم ملک تصور کیا جاتا ہے۔ حالیہ عالمی مالیاتی بحران کے دوران بھی انہوں نے بھارتی معیشت پر اس کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے ایک مؤثر کردار ادا کیا۔

Dossierbild Obama Asien Bild 3
صدر اوباما اہم بھارتی کاروباری شخصیات کے ہمراہتصویر: AP

باراک اوباما کا بطور امریکی صدر بھارت کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اوباما نے اپنے چار ملکی دورہء ایشیا میں پہلے ملک کے طور پر بھارت اور بھارت میں اس کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی کا انتخاب کیا ہے۔ اوباما کے اِس اقدام کو امریکہ کی بحران کی شکار معیشت کی بحالی کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ اپنے دورہء ایشیا کے دوران نئی دہلی میں صدر اوباما مغل بادشاہ ہمایوں کے مزار پر بھی جائیں گے۔ 16 ویں صدی کے اس مغل بادشاہ کے مزار کو اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے عالمی ورثہ قرار دے رکھا ہے۔

ممبئی میں صدر اوباما نے دس بلین ڈالر کے تجارتی معاہدوں پر دستخط کئے۔ صدر اوباما نے کہا کہ ان معاہدوں سے امریکہ میں تقریباً 50 ہزار افراد کو ملازمتیں دستیاب ہوں گی۔ گزشتہ منگل کو کانگریس انتخابات میں ڈیموکریٹس کے مقابلے میں ریپبلکن جماعت کی جیت کی بنیادی وجہ امریکہ میں بے روزگاری میں مسلسل اضافہ قرار دی جا رہی ہے۔

صدر اوباما نے ممبئی میں اپنے ایک بیان میں کہا:’’جب ہم آج کے بھارت کو دیکھتے ہیں، تو ہمیں دنیا کی اس انتہائی تیزی سے نمو پذیر منڈی میں امریکی برآمدات کی ترسیل کے بڑے مواقع نظر آتے ہیں۔‘‘

Barack Obama am Mahnmal für die ermordeten der terroristischen Angriffe vom November 2008
صدر اوباما ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یادگار پرتصویر: AP

بھارت میں صدر اوباما کے دستخط کردہ معاہدوں میں بوئنگ کمپنی کے تیارکردہ 737 جہازوں کی برآمد کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ امریکہ بھارتی کمپنی سپائس جیٹ کے لئے 30 بوئنگ طیارے برآمد کرے گا۔

ممبئی میں تاج ہوٹل کو اپنی قیام گاہ بنانے والے باراک اوباما نے سن 2008ء کے ممبئی حملوں کے تناظر میں کہا کہ امریکہ نائن الیون اور ان ممبئی حملوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

دوسری جانب امریکہ میں متعینہ پاکستانی سفیر حسین حقانی نے صدر باراک اوباما کے دورہء بھارت کو خطے میں پائیدار امن کے لئے ایک نئی امید سے تعبیر کیا ہے۔ تاہم پاکستان کے سابق فوجی سربراہ پرویزمشرف نے صدر اوباما کے دورہء ایشیا میں پاکستان کو شامل نہ کرنے کو پاکستانیوں کی جانب ایک ’’غلط پیغام‘‘ قرار دیا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں