1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما کی مطلق العنان حکمرانوں کو تنبیہ

16 فروری 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے مشرق وسطیٰ میں مطلق العنان طرز کی حکومت کرنے والے امریکی اتحادیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ خطے کے نوجوانوں میں بیدار ہونے والی آرزو کو نہیں دبا سکتے۔

https://p.dw.com/p/10Hex
فائل فوٹوتصویر: AP

تیونس میں برپا ہونے والے انقلابِ یاسمین اور مصر کے سفید انقلاب کے بعد امریکی صدر نے پہلی مرتبہ کسی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ واشنگٹن منعقدہ اس پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے ایرانی مظاہرین کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔

صدر اوباما نے مشرق وسطیٰ میں کئی عشروں سے امریکی مفادات کا تحفظ کرنے والے حکمرانوں پر تنقید اور جمہوریت کے حامی مظاہرین کی حمایت کے درمیان نازک توازن قائم رکھنے کی کوشش کی۔ ’’ ہم نے خطے میں اپنے اتحادیوں کو پیغام بھجوادیا ہے کہ وہ مصر کی مثال سے سبق سیکھیں اور ایران کی مثال کی مخالفت کریں۔‘‘ ان کا اشارہ 79ء کے ایرانی انقلاب کی جانب تھا، جس کے سبب سخت گیر نظریات کی حامل قوتیں برسر اقتدار آئیں۔

NO FLASH Husni Mubarak mit Barack Obama ARCHIV
امریکی صدر کی اپنے سابق مصری ہم منصب حسنی مبارک کے ساتھ ایک سابقہ ملاقات کا منظرتصویر: AP

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں واضح طور پر کسی ریاست کا نام نہیں لیا۔ تیونس اور مصرکے بعد الجزائر، بحرین اور یمن میں بے چینی کے آثار بڑھ رہے ہیں۔ اسڑیٹیجک امور کے ماہرین امریکہ کے مضبوط اتحادیوں اردن اور سعودی عرب کے استحکام کو خطرات میں گھرا دیکھ رہے ہیں۔

امریکی صدر کے بقول تیونس میں مظاہروں کے آغاز سے قبل ہی اتحادیوں اور حریفوں پر عیاں کردیا گیا تھا کہ دنیا بدل رہی ہے۔ ان کے بقول انٹرنیٹ اور موبائل کی جدید دنیا میں اب عوامی آواز کو دبانے کی کوششیں بے سود ہیں۔

اپنی پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی پرجوش نوجوان نسل نئے امکانات کی متلاشی ہے۔ مصری فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ مصر کے معاملات میں بہت زیادہ مداخلت نہیں کرنا چاہتے ۔

ایران میں مظاہرین کو دبانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ایرانی معاملات میں مداخلت نہیں بلکہ مظاہرین کی محض اخلاقی حمایت کر رہا ہے۔

Symbobild Obama Iran
امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر ایرانی مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاتصویر: AP/DW

امریکی صدر نے تسلیم کیا کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ صورتحال سے اسرائیل فلسطین امن معاہدے کی راہ میں نئی مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں تبدیلی کی یہ نئی لہر دور رس فوائد کی بنیاد بن سکتی ہے۔

اوباما کے بقول ایسے نوجوان جو التحریر چوک میں جمع تھے، ان میں اپنا ملک سنوارنے کی امنگ تھی اور انہوں نے اپنے غصے کا رخ مغرب یا اسرائیل کی جانب نہیں کیا، جو اچھی بات ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں