’یہ ایک دوستانہ چہل قدمی تھی‘ ڈونلڈ ٹرمپ
28 فروری 2019امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن چاہتے ہیں کہ جوہری پروگرام کے خاتمے کے عوض اس کمیونسٹ ملک پر عائد تمام تر پابندیاں ختم کی جائیں۔ سربراہی ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’یہ سب پابندیوں سے متعلق تھا۔ اصل میں وہ چاہتے تھے کہ ان پر عائد تمام تر پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے، مگر یہ ہم نہیں کر سکتے۔‘‘
قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خاتمے کے معاملے پر جلد بازی سے کام لینا نہیں چاہتے۔ ویتنام کے دارالحکومت ہنوئے میں ہونے والی اس سربراہی ملاقات کے موقع پر ٹرمپ نے کہا ہے کہ معاہدے میں جلد بازی کی بجائے یہ بات زیادہ اہم ہے کہ درست معاہدہ کیا جائے۔
وائٹ ہاؤس کی طرف سے آج جمعرات 28 فروری کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ ملاقات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئی ہے تاہم دونوں رہنماؤں کی ٹیمیں مستقبل میں اس معاملے پر بات چیت جاری رکھیں گی۔
اس سربراہی ملاقات کے بعد ہنوئے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار یا کسی میزائل کا مزید کوئی تجربہ نہیں کریں گے۔ ٹرمپ کے مطابق وہ کِم جونگ اُن کے ساتھ اپنا تعلق بحال رکھنا چاہتے ہیں۔
مذاکرات کے دوسرے روز آج ٹرمپ اور کِم جونگ اُن ملاقات کے مقام سے طے شدہ وقت سے قبل ہی اپنے اپنے ہوٹل روانہ ہو گئے اور انہوں نے پہلے سے طے شدہ ظہرانے میں اکٹھے شرکت بھی نہیں کی۔
ٹرمپ کے مطابق، ’’بعض اوقات آپ کو بس جانا پڑتا ہے اور یہ انہی میں سے ایک تھا۔ مگر یہ ایک دوستانہ عمل تھا۔‘‘
امید کی جا رہی تھی کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس دوسری ملاقات کے اختتام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا جائے گا جس میں کوریائی خطے میں 1950 سے 1953 تک جاری رہنے والی جنگ کے باقاعدہ خاتمے کا اعلان بھی شامل ہو گا۔ اس وقت یہ جنگ روک تو دی گئی تھی مگر کوئی جنگ بندی معاہدہ نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے تکنیکی طور پر یہ خطہ ابھی تک حالت جنگ ہی میں ہے۔
ا ب ا / ع ا (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)