اِرما کے باعث تباہی: سیلاب، ہلاکتیں، لاکھوں گھر بجلی کے بغیر
10 ستمبر 2017امریکی ریاست فلوریڈا میں میامی اور فورٹ مائرز سے اتوار 10 ستمبر کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق بحیرہ کریبیین میں وسیع تر تباہی کا باعث بننے کے بعد مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح اِرما نامی سمندری طوفان میامی کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا، جس کے بعد اس شہر کے کئی علاقے زیر آب آ گئے۔
یہ طوفان اتنا تیز تھا کہ اس کی وجہ سے ہزارہا درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا اور میامی کی گلیاں زیر آب آ گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کو قبل از دوپہر تک اس طوفان کی وجہ سے کم از کم 1.6 ملین گھروں اور کاروباری عمارات کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو چکی تھی جبکہ اِرما کے ساتھ آنے والی تیز ہواؤں کی رفتار بھی 130 میل یا 210 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی۔
سمندری طوفان اِرما نے پھر قوت پکڑ لی، فلوریڈا نشانے پر
’اِرما، امریکی تاریخ کا مہنگا ترین طوفان ثابت ہو سکتا ہے‘
میکسیکو: زلزلے کے بعد سمندری طوفان، کم از کم 61 ہلاکتیں
روئٹرز نے لکھا ہے کہ یہ طوفان اس قدر شدید تھا کہ اس کے فلوریڈا کے ساحلی علاقوں تک پہنچنے سے پہلے ہی سمندر کے قریبی رہائشی علاقوں میں بہت سے درخت اور عمارات طوفانی جھکڑوں کے باعث ہوا میں جھولنے لگے تھے۔ پھر جب یہ طوفان آیا، تو بہت سے گھروں کی چھتیں تک اڑ گئیں۔
اِرما کی وجہ سے امریکا میں عالمی وقت کے مطابق اتوار کی شام چھ بجے تک کم از کم چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی تھی۔ اس کے علاوہ ایک حاملہ امریکی خاتون ایسی بھی تھی، جسے ان ہنگامی حالات میں اکیلے اور بغیر کسی بھی طبی امداد کے اپنے بچے کو جنم دینا پڑا۔
اِرما بحر اوقیانوس سے شروع ہو کر مختلف ممالک میں تباہی پھیلانے والے ان طاقت ور ترین سمندری طوفانوں میں سے ایک ثابت ہوا، جو آج تک دیکھنے میں آئے ہیں۔ امریکی سرزمین سے ٹکرانے سے قبل اس طوفان نے کریبیین کے علاقے میں اور خاص کر کیوبا میں بھی بہت زیادہ تباہی مچائی تھی۔
سمندری طوفان ارما، کیریبیئن کے علاقے میں تباہی مچاتا ہوا
ہاروی طوفان ٹیکساس کے ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد لاغر ہو گیا
میتھیو کی قیامت، ہیٹی میں تباہی، ہلاکتیں 900 کے قریب
مجموعی طور پر یہ طوفان بہت سے خطوں میں جامع نوعیت کے قبل از وقت حفاظتی اقدامات کے باوجود دو درجن کے قریب انسانی ہلاکتوں کا باعث بن چکا ہے جبکہ کیوبا میں تو اس طوفان کے ساتھ خشکی تک پہنچنے والی سمندری لہروں کی اونچائی اتوار کے روز 36 فٹ یا 11 میٹر تک رہی۔
اس طوفان کے پیش نظر صرف امریکی ریاست فلوریڈا ہی میں حکام نے ریاست کی ایک تہائی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے کہہ دیا تھا۔ جنوبی فلوریڈا میں اِرما کی تباہ کاریوں کی زد میں آنے سے بچنے کے لیے جن شہریوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے، ان کی تعداد 6.5 ملین بنتی ہے۔