1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اٹلی میں بھارتی طلباء پر حملہ، سُشما سوراج نے رپورٹ طلب کرلی

جاوید اختر، نئی دہلی
31 اکتوبر 2017

اٹلی میں زیرِ تعلیم بھارتی طلباء پر مبینہ نسلی حملے کے بعد بھارتی وزیرِ داخلہ سُشما سوراج نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اطالوی وزیر اعظم بھارت کے سرکاری دورے پر ہیں۔

https://p.dw.com/p/2moo9
Indien Sushma Swaraj
سشما سوراج نے کہا ہے کہ وہ اٹلی میں بھارتی طلبا پر حملے کے معاملے کو ذاتی طور پر دیکھ رہی ہیںتصویر: picture alliance/AP Photo/G. Amarasinghe

بھارت نے اٹلی کے میلان شہر میں بھارتی طلباء پر ہوئے اس حملے کو افسوس ناک قرار دیا ہے۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے اس کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ پیغام کے ذریعے متاثرہ بھارتی طلباء اور انڈیا میں اُن کے رشتہ داروں کو اطمینان دلایا کہ وہ فکر مند نہ ہوں کیونکہ سوراج ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھ رہی ہیں۔

 رپورٹوں کے مطابق میلان میں زیر تعلیم تین بھارتی طلباء کو ان کی رنگت کی وجہ سے کچھ لوگوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور اُن پر شراب کی بوتلیں پھینکیں ۔ بعد میں اس واقعے کے خلاف پولیس میں بھی رپورٹ درج کرائی گئی۔

اس واقعے کے بعد میلان میں قائم بھارتی قونصل خانہ کی جانب سے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی جس میں وہاں موجود بھارتی طلباء سے کہا گیا کہ وہ ان حملوں کے باعث گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور ایسے کسی بھی واقعے کے بارے میں میلان میں بھارتی قونصل خانہ کو فوراً آگاہ کریں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قونصل خانہ اس معاملے پر میلان کے اعلی پولیس افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

 بھارتی طلباء کو یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ قونصل خانے اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں اور پرتشدد واقعات کی اطلاعات سے ایک دوسرے کو مطلع کرتے رہیں۔ نیز یہ کہ جن علاقوں میں یہ واقعات رونما ہوئے ہیں وہاں جانے سے بھی گریز کریں۔

خیال رہے کہ بھارت سے بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے طلبہ اٹلی جاتے ہیں۔ ان طالب علموں کی اکثریت میلان کی یونیورسٹیوں میں ڈیزائن، آرٹس، آرکیٹیکچر، فیشن، اکنامکس اور کمپیوٹر سائنس کے کورسز میں داخلہ لیتی ہے۔

Indien Neu-Delhi - Narendra Modi,  Paolo Gentiloni
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

میلان میں بھارتی طلباء پر حملے کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب اطالوی وزیر اعظم پاؤلو جینٹیلونی باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے بھارت کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ کسی بھی اطالوی وزیر اعظم کا دس سال کے بعد بھارت کا یہ پہلا دورہ ہے۔ جینٹیلونی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مضبوط بنانےکی خواہش ظاہر کی ۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے بھی اپنے بیان میں اٹلی میں اعلٰی تعلیم کے لئے بھارتی طلباء میں دلچسپی میں اضافے کا ذکر کیا ۔ دونوں ممالک نے ریلوے، توانائی، تجارت، سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں چھ معاہدوں پر دستخط کئے۔

بعد ازاں مشترکہ طور پر جاری کیے گئے ایک بیان میں اطالوی وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات ہیں اور اسے مزید مستحکم کرنے کا یہ سنہرا موقع ہے۔ وزیر اعظم مودی کا کہناتھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے کی کافی گنجائش ہے۔

خیال رہے کہ یوروپی یونین میں اٹلی بھارت کا پانچواں سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ مالی سال میں میں 8.79 ارب ڈالر کی تجارت ہوئی تھی۔ بھارت نے اٹلی کو 4.90 ارب ڈالر کی برآمدات کیں جب کہ اٹلی سے 3.89 ارب ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان 3.22 ارب ڈالر کی تجارت ہوچکی ہے۔