اٹلی میں مہاجرین کی مدد کرنے والی ایپ
20 جون 2017اٹلی میں اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو ’ورچوئل والنٹیر‘ کے نام سے مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔ یہ ایپ ایک ایسے موقع پر جاری ہوئی ہے، جب اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں مختلف وجوہات کی بنا پر گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 65.5 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔
بین الاقوامی فیڈریشن برائے ریڈکراس اور ہلالِ احمر سوسائٹیز (IFRC) کے پروگرامز اور آپریشنز کے شعبے کے سربراہ ژاگن شمپین کے مطابق، ’’گھر بار چھوڑنے والے اکثر افراد غلط معلومات کی دھند میں کھو جاتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’انہیں عموماﹰ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ان کے لیے کون کون سے سروسز دستیاب ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے انہیں معلومات کے اعتبار سے حقیقی تصویر نظر آئی گی تاکہ وہ بہتر فیصلے کر سکیں۔
یہ بات اہم ہے کہ اٹلی اس وقت مہاجرین کی آمد کے اعتبار سے یورپی یونین کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے، جہاں افریقہ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد بحیرہء روم عبور کر کے پہنچ رہے ہیں۔
رواں برس اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد ستر ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق اٹلی پہنچنے والے بہت سے تارکین وطن درست معلومات نہ ملنے کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔
اسمارٹ فون ایپ ’’ورچوئل والنٹیئر‘‘ کسی بھی مہاجر کی جغرافیائی پوزیشن کو دیکھتے ہوئے اس کے قریب موجود خوراک کی تقسیم کے مراکز، کھانے پینے کے مقامات، کپڑوں کی تقسیم کے مراکز، نفسیات اور طبی مدد کے مراکز اور قانونی مدد کے دفاتر تک نقشوں کی مدد سے راہ نمائی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی مہاجر کو زبان سیکھنے کے اسکول کی بابت بھی معلومات اس ایپ سے مل سکتی ہے۔
اس ایپ کے ذریعے کسی مہاجر کو یہ ہدایات بھی مل سکتی ہیں کہ وہ کس طرح انسانوں کے اسمگلروں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔