ایرانی فٹ بال ٹیم کو فٹ بال جوتے فراہم نہیں کریں گے، نائیکی
14 جون 2018ایران کی فٹ بال ٹیم کے کوچ کارلوس کیروس کا کہنا ہے کہ کھیلوں کا سامان تیار کرنے والے امریکی ادارے نائیکی کو اُن کی ٹیم سے معافی مانگنی چاہیے کیونکہ اُس نے امریکی پابندیوں کا احترام کر کے کھیل کی اسپرٹ کو مجروح کیا ہے اور یہ ناقابل معافی فعل ہو سکتا ہے۔ کئی دوسرے ناقدین نے بھی فیفا سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اس معاملے پر اپنی رائے دے۔
ایرانی ٹیم کے پرتگالی کوچ کارلوس کیروس نے ٹیلی وژن چینل اسکائی اسپورٹس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نائیکی کی جانب سے جوتے نہ فراہم کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی کے اس اعلان کو خاصا نامناسب اور نخوت زدہ قرار دیا ہے۔ کیروس ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ اور پرتگال کی قومی ٹیم کے بھی سابق مینیجر رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب نائیکی نے اس صورت حال کے تناظر میں کہا ہے کہ ایرانی جوہری ڈیل سے امریکا کی علیحدگی کے بعد صدر ٹرمپ کی جانب سے نئی پابندیوں کے نفاذ کا احترام کرنا لازم ہے۔ بیان کے مطابق امریکی پابندیوں کا اطلاق امریکی کمپنی پر بھی ہوتا ہے اور اس باعث نائیکی ایران کی قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کو جوتے فراہم کرنے سے قاصر ہے۔
جمعرات چودہ جون سے شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں ایرانی ٹیم گروپ بی میں ہے اور اُس کو پہلے مرحلے میں مراکش، پرتگال اور اسپین کے ساتھ اپنے میچز کھیلنے ہیں۔ ورلڈ کپ کے دوسرے دن یعنی جمعہ پندرہ جون کے ایک میچ میں ایران کو مراکشی ٹیم کا سامنا ہے۔ یہ میچ سینٹ پیٹرزبرگ میں کھیلا جائے گا۔
ایران پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں شریک ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ جاری عالمی ٹورنامنٹ میں ایرانی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہے۔ اس کے ایک کھلاڑی سردار آزمون ہونہار نوجوان فٹ بالر میں شمار کیا جا رہا ہے اور پندرہ جون کے میچ میں خاص طور پر وہ سب کی نظروں میں ہوں گے۔