’ایرانی ہیکرز کی امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش‘
9 اگست 2024امریکی سافٹ وئیر کمپنی مائیکروسافٹ کے محققین کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت سے منسلک ہیکرز نے صدارتی انتخابی مہم کے دوران ایک امریکی ''اعلیٰ عہدے دار‘‘ کے اکاؤنٹ کو ہدف بنانے کی کوشش کی ہے۔ یہ کوشش کاؤنٹی کی سطح پر ایک امریکی عہدیدار کے اکاؤنٹ کی خلاف وزری کے واقعے کے بعد کی گئی۔ مائیکروسافٹ کے محققین کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ خلاف ورزیاں ایرانی گروہوں کی نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی بڑھتی ہوئی کوششوں کا حصہ تھیں۔
تاہم اس بارے میں مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی کہ یہ سینئر عہدیدار کون تھا۔ یہ رپورٹ امریکی اعلیٰ انٹیلی جنس حکام کے ان بیانات کے بعد سامنے آئی ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے ایران کو ایسے خفیہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا ہے، جن کا مقصد امریکہ میں سیاسی اختلافات پیدا کرنا ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی سائبر صلاحیتیں ''دفاعی اور خود کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیےکافی‘‘ ہیں اور یہ کہ اس کا سائبر حملے کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ مائیکرو سافٹ کی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کے جواب میں مشن نے مزید کہا، ''امریکی صدارتی انتخابات ایک اندرونی معاملہ ہے، جس میں ایران مداخلت نہیں کرتا۔‘‘
مائیکرو سافٹ کے محققین نے یہ بھی کہا کہ ایک اورایرانی گروپ ایسی ''مخفی‘‘ نیوز سائٹس شروع کر رہا ہے، جو اے آئی کی مدد سے اصل نیوز ویب سائٹوں سے مواد اٹھا کر امریکہ میں دونوں جانب کے ووٹرز پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتا ہے۔
جمعے کے روز ان ویب سائٹس کو براؤز کرنے پر 'ہمارے بارے میں‘ کے عنوان کے صفحات ایک ہی طرز کے پائے گئے اور ان پرکسی رابطے کی تفصیل درج نہیں تھی۔
ش ر⁄ ا ا (روئٹرز)