ایران میں مذہبی اقلیتوں سے امتیازی سلوک ختم کیا جائے، جرمنی
31 مارچ 2021دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وفاقی جرمن حکومت کے دنیا بھر میں مذہبی آزادی سے متعلقہ امور کے نگران عہدیدار مارکوس گرُوئبل نے آج بدھ کے روز کہا کہ ہر انسان کو یہ بنیادی حق حاصل ہے کہ وہ آزادانہ طور پر اپنا مذہب کا انتخاب کر سکے اور اس پر عمل بھی کر سکے۔
ایران میں سُنی امتیازی سلوک کا شکار ہیں
چانسلر انگیلا میرکل کی قدامت پسند جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین سے تعلق رکھنے والے مارکوس گرُوئبل نے کہا کہ ایران میں صوفی مذہبی برادری اور بہائیوں کی حالت خاص طور پر باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں صوفی، بہائی اور دیگر اقلیتی مذہبی برادریوں کے ارکان کا ان کے عقیدے کی وجہ سے تعاقب کیا جاتا ہے اور انہیں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
گرفتار شدگان کی رہائی کا مطالبہ
اس جرمن حکومتی عہدیدار نے مطالبہ کیاکہ ایران میں ایسے تمام زیر حراست افراد کو فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔ مارکوس گرُوئبل کے بقول، ''میں یہی مطالبہ ایسے ایرانی شہریوں کے حوالے سے بھی کرتا ہوں، جنہیں تبدیلی مذہب کے بعد کوئی دوسرا عقیدہ اختیار کر لینے، مثلاﹰ مسیحی عقیدے کے پیروکار بن جانے کی وجہ سے تعاقب کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور اکثر گرفتار کر لیا جاتا یے۔‘‘
ایران میں ’یہودی شہداء‘ کی یادگار
عالمی سطح پر مذہبی آزادی کی صورت حال پر نظر رکھنے والے اس جرمن حکومتی عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ بڑی طاقتوں کے ایٹمی معاہدے سے متعلق ہونے والی کسی بھی نئی بات چیت میں عالمی برداری کو ایران میں ایسے اقلیتی باشندوں کی صورت حال کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تہران کے ساتھ کسی بھی نئے معاہدے کو واضح طور پر وہاں انسانی حقوق کے احترام کی صورت حال سے مشروط کیا جانا چاہیے۔
ایران میں صوفی اور بہائی برادریوں کی قانونی حیثیت
ایران میں مسیحیوں، یہودیوں اور زرتشتیوں کو تو باقاعدہ تسلیم شدہ مذہبی اقلیتوں کی حیثیت حاصل ہے، مگر اس حیثیت سے صوفی اور بہائی برادریوں کو محروم رکھا گیا ہے۔ ان مذہبی اقلیتی گروپوں کو شیعہ اکثریتی آبادی والے ایران میں 'بدعتی گروہ‘ قرار دے کر ان کا منظم انداز میں تعاقب کیا جاتا ہے۔
اسرائیلی ہدایت کار کی فلم فارسی میں کیوں؟
کل یکم اپریل جمعرات کے روز ایران میں صوفی مذہبی برادری کے ایک اہم رکن بہنام محجوبی کی پہلی برسی منائی جا رہی ہے۔ انہیں دو سال قبل تہران میں ایک مظاہرے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں دو سال قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔ محجوبی گزشتہ برس فروری میں دوران حراست انتقال کر گئے تھے۔
م م / ع ح (ای پی ڈی، کے این اے)