ایران میں گرفتار جرمن صحافیوں کی رہائی کی کوششیں
12 اکتوبر 2010جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے تصديق کر دی ہے کہ ايران ميں سنگسار کئے جانے کی سزا ملنے والی ايک عورت کے لڑکے کا انٹرويو لينے پر جن دو صحافيوں کو گرفتار کيا گیا ہے، وہ جرمن ہيں۔
چانسلر ميرکل نے کہا کہ اُن کی حکومت ان صحافيوں کی رہائی کے لئے کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے دورہء رومانيہ کے دوران کہا کہ جرمن حکومت صورتحال پر بہت اچھی طرح سے نظر رکھے ہوئے ہے اور برلن میں وفاقی وزارت خارجہ وہ سب کچھ کر رہی ہے، جو اس کے بس ميں ہے۔
ايرانی حکومت نے ان دونوں صحافيوں کی شہريت بتائے بغير کہا ہے کہ ان دونوں کو اس لئے گرفتار کيا گيا کہ ان کے غير ممالک ميں ایرانی انقلاب کے مخالف ذرائع کے ساتھ روابط ہيں۔ ايرانی عدليہ کے مطابق ان صحافيوں کو، زنا کے الزام ميں سنگسار کئے جانے کی سزا پانے والی سکينہ محمدی آشتيانی کے بيٹے سے ملاقات کے بعد گرفتار کيا گيا۔ آشتيانی کی سزا کو عالمی احتجاج کے بعد تعطل ميں ڈال ديا گيا ہے۔
ايرانی وزارت خارجہ کے ايک ترجمان رامين مہمان پرست نے کہا: ’’ان دونوں صحافيوں کے بيرون ملک انقلاب دشمن نيٹ ورکس کے ساتھ رابطے ہيں۔ جرمنی کے ايک ايسے ہی گروپ نے آشتيانی کے بيٹے سے اُن کی ملاقات کا منصوبہ تيار کيا تھا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جرمن ہيں۔‘‘
ايران ميں غير ملکی ميڈيا کے لئے کام کرنے والے صحافيوں کو تہران سے باہر سفر کرنے يا مظاہروں اور غير سرکاری سياسی واقعات کے بارے ميں رپورٹنگ کے لئے ايرانی حکام سے قبل از وقت اجازت لينا پڑتی ہے۔ ترجمان نے يہ بھی کہا: ’’ہميں يہ يقين نہيں کہ يہ دونوں صحافی ہيں کيونکہ صحافيوں کو ايران ميں داخلے سے پہلے پريس ويزا لينا ہوتا ہے اور يہ دونوں سیاحتی ویزے پر ملک ميں داخل ہوئے۔‘‘
غير ملکی ميڈيا کی رپورٹنگ کے سلسلے ميں ايرانی حکام کی حساسيت کا اندازہ اس واقعے سے بھی ہوتا ہے کہ اسپين کے مشہور اخبار ايل پائس کے ايک سرکاری طور پر مسلمہ صحافی کو دو ہفتوں کے اندر ايران چھوڑ دينے کا حکم ديا گيا ہے۔ اخبار کے مطابق اس کی وجہ وہ انٹرويو معلوم ہوتا ہے، جو اس ہسپانوی صحافی نے وفات پا جانے والے حکومتی ناقد آيت اللہ المنتظری کے بيٹے سے جولائی ميں ليا تھا۔
رپورٹ: شہاب احمد صدیقی
ادارت: مقبول ملک