1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ایردوآن کے خلاف اٹھ کھڑے ہو‘، داعش نواز ویڈیو پیغام

18 اگست 2015

دہشت گرد تنظیم داعش کی حمایتی ایک جہادی تنظیم کی طرف سے ایک ویڈیو پیغام میں ترک عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ صدر رجب طیب ایردوآن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔

https://p.dw.com/p/1GHR1
تصویر: Getty Images/B. Mehri

اس ویڈیو میں ایردوآن کو غدار قرار دیا گیا ہے جنہوں نے امریکا اور کُرد عسکریت پسندوں کی حمایت کی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کہا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو شام کے شمالی علاقے الرقہ میں ریکارڈ کی گئی ہے جو اسلام اسٹیٹ کے زیر قبضہ ہے۔ اس ویڈیو کو اسلامک اسٹیٹ کی طرف سے ترکی کے خلاف اب تک کی واضح ترین دھمکی قرار دیا جا رہا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق انقرہ حکومت پر لمبے عرصے سے یہ الزام عائد کیا جاتاہے کہ وہ اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کے خلاف ناکافی کوشش کر رہی ہے یہاں تک کہ بعض لوگ انقرہ پر اس گروپ سے تعاون کا الزام بھی لگاتے ہیں۔ تاہم ترک حکومت ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتی ہے۔

تاہم انقرہ حکومت نے گزشتہ ماہ سے اس شدت پسند گروپ کے خلاف شام میں فضائی حملوں کا آغاز کیا ہے اور اپنی ایک اہم فوجی بیس کو امریکی فورسز کے لیے کھول دیا ہے تاکہ وہ اسلامک اسٹیٹ کے اہداف کو نشانہ بنا سکیں۔

خیال رہے کہ شامی سرحد کے قریب واقع ترکی کے شہر سوروچ میں ایک بم حملے کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک ہو گئے۔ انقرہ حکومت کی طرف سے اس حملے کی ذمہ داری داعش پر عائد کی گئی۔

اس ویڈیو میں ایردوآن کو غدار قرار دیا گیا ہے جنہوں نے امریکا کے ساتھ اتحاد کیا
اس ویڈیو میں ایردوآن کو غدار قرار دیا گیا ہے جنہوں نے امریکا کے ساتھ اتحاد کیاتصویر: picture-alliance/dpa

یوٹیوب پر جاری کی گئی اس ویڈیو کو ’ترکی کے لیے پیغام‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں داڑھی والا ایک شخص ترک زبان میں ایردوآن پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ’ملحد‘ قرار دیتا ہے جنہوں نے امیریکا اور ’لادین‘ اور علیحدگی پسند کردستان ورکرز پارٹی PKK کے ساتھ ’دوستیاں‘ بنائیں۔

ویڈیو میں نظر آنے والا شخص کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ترکی کا مغربی حصہ جلد ’صلیبیوں‘ جس سے مراد امریکی ہیں اور مشرقی اناطولیہ کا حصہ PKK کے قبضے میں ہو گا۔ یہ شخص ترک عوام پر زور دیتا ہے کہ وہ خودساختہ اسلامک اسٹیٹ کے ’خلیفہ‘ ابوبکر البغدادی سے وفاداری دکھائیں اور استنبول کو فتح کرنے کے لیے جہادیوں کی مدد کریں۔

ویڈیو میں موجود شخص ترک لوگوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ ’’بغیر وقت ضائع کیے ملحدین اور ان لوگوں کے خلاف جنگ شروع کریں جنہوں نے تمھیں صلیبیوں کا غلام بنا دیا ہے‘‘۔