ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ : آسٹریلیا بہتر پوزیشن میں
25 نومبر 2010انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس نے برزبین میدان پر ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا، جو کسی طور مناسب ثابت نہ ہوا اور وہ خود بغیر کسی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ تیز بالر ہیلفینہاس کی انتہائی باہر جاتی گیند کو کھیل کر انگلش ٹیم کے کپتان نے اپنی وکٹ گنوائی۔ اس طرح ایشز سیریز کی ابتدا سٹراؤس نے ایک غیر ذمہ دارانہ سٹروک سے کی۔ سابقہ ایشز سیریز میں بھی سٹراؤس کی کارکردگی مناسب نہیں تھی۔ پہلی وکٹ کے بعد انگلینڈ کے بیٹسمین آہستہ آہستہ اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کرنے لگے۔ اس دوران ان کی وکٹیں بھی وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
جب انگلش ٹیم کا سکور چار وکٹوں پر 197 رنز تھا، تو تب آسٹریلوی بالر پیٹر سِڈل نے گولڈن اوور پھینکا۔ یہ ان کا اس میچ میں بارہواں اوور تھا۔ پہلے انتہائی محتاط انداز میں کھیلنے والے اوپنر کُک کو واٹسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اگلی ہی گیند پر وکٹ کیپر پرائر کو بولڈ کر دیا۔ اپنی چھبیسویں سالگرہ منانے والے سِڈل نے مسلسل تیسری گیند پر انگلینڈ کے تیز بالر کرِس براڈ کو آؤٹ کر کے انگلش ٹیم کو بے بس اور گھٹنوں کے بل کر دیا۔ اس میچ میں سِڈل نے چھ وکٹیں چون رنز دے کر حاصل کی۔ انگلینڈ کے اہم بلے بازوں پیٹر سن اور کولنگ وُڈ کو بھی سڈل ہی نے آؤٹ کیا تھا۔ برزبین میں سڈل کی بالنگ ان کے کیریئر کی اب تک کی بہترین بالنگ ہے۔
انگلش ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ سکور ایئن بیل نے بنایا، جو 76 رنز تھا۔ انگریز ٹیم صرف 260 رنز بنا سکی۔ کم روشنی کی وجہ سے جب کھیل ختم ہوا، تو آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے پچیس رنز بنائے تھے۔ کریز پر آسٹریلیا کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین سائمن کیٹچ اور شین واٹسن تھے۔
برزبین کے میدان پر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو میچ جیتے ہوئے چوبیس سال ہو گئے ہیں۔ کرکٹ کے مبصرین کا خیال ہے کہ اگر آسٹریلیوی ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو سے زائد رنز کی برتری حاصل کر لیتی ہے، تو یہ میچ انگریز ٹیم کے ہاتھوں سے باہر ہو جائے گا۔
برزبین کرکٹ گراؤنڈ پر سڈل کی ہیٹ ٹرک سے قبل ویسٹ انڈیز کے بالر کورٹنی والش بھی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ مجموعی طور پر پیٹر سِڈل آسٹریلیا کے دسویں بالر ہیں، جنہوں نے کسی ٹیسٹ میچ میں مسلسل تین گیندوں پر وکٹیں حاصل کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی ہے۔ گلین میگرا نے دس سال قبل تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس ٹیسٹ میچ کے امپائر پاکستان کے علیم ڈار اور ویسٹ انڈیز کے بلی ڈاکٹرو ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: امجد علی