1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیا اور عرب ملکوں میں شہری سہولیات میں بہتری

5 نومبر 2010

اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے کی ایک خصوصی رپورٹ میں ترقی یاقتہ اور ترقی پذیر ممالک میں شہریوں کو فراہم ہونے والی اہم سہولیات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس انتہائی خصوصی رپورٹ کا اجراء جمعرات کو کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/PzD0
تصویر: picture-alliance/dpa

بیس سال بعد جاری ہونے والی رپورٹ میں ایشیائی اورعرب ملکوں میں گزشتہ سالوں میں عام انسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ جو رپورٹ جاری کی گئی ہے، اس کو مرتب کرنے والے ادارے کا نام UNDP ہے۔ دنیا بھر میں انسانی ترقی سے متعلق اس خصوصی رپورٹ کا ٹائٹل ہے: اقوام کی حقیقی دولت، انسانی ترقی کا راستہ یا انگریزی میں Real Wealth of Nations: Pathway to Human Development ۔ اس سلسلے کی پہلی رپورٹ بیس سال قبل سن 1990ء میں جاری کی گئی تھی۔ تازہ رپورٹ میں گزشتہ دو دہائیوں میں ہونے والی انسانی ترقی کا بغور جائزہ لیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں تین پہلوؤں کو اہمیت دی گئی ہے۔ پہلے میں اقوام کے اندر لمبی زندگی اور صحت کی سہولیات کو لیا گیا ہے۔ دوسرے میں تعلیم اور معلومات کے حصول کو دیکھا گیا اور تیسرا پہلو بہتر اور مناسب معیار زندگی ہے۔ اس مرتبہ رپورٹ میں انسانوں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے ممالک کے اندر انسانوں کے ساتھ جڑے اقتصادی رابطوں اور سرگرمیوں کو اہمیت حاصل رہی۔

نئی رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ابھرتی اقتصادیات کے حامل اور نیم ترقی پذیر ملکوں میں انسانی ترقی کے معاملوں میں ترقی حوصلہ افزاء ہے۔ ان ممالک میں تعلیم کی جانب خاص توجہ رہی البتہ صحت کی مناسب سہولیات کا فقدان پایا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ترقی کے باوجود امیر اور ترقی پذیر اور غریب ملکوں کے درمیان واضح تفاوت موجود ہے۔ امیر ملکوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات بہت مناسب انداز میں فراہم کی جاتی ہیں۔

Logo UNDP United Nations Development Programme
اقوام متحدہ کے ادارے کا لوگو

اس رپورٹ کی افتتاحی تقریب کا اہتمام نیویارک شہر میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں کیا گیا۔ اس تقریب میں کے مہمان خصوصی سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اپنے ترقیاتی ادارے UNDP کی کاوشوں کو شاندار انداز میں سراہا اور کہا کہ بیس سال قبل ان کے ترقیاتی ادارے کی رپورٹ نے کئی اقوام کو حیران کردیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ رپورٹ ایک اقتصادی یا سماجی سروے کے مقابلے میں دانشورانہ کوشش لگتی ہے۔

اس رپورٹ میں کل بیالیس ملکوں کی فہرست مرتب کی گئی جہاں انسانی ترقی کی شرح بہت زیادہ پائی گئی ہے۔ اس فہرست پر پہلے دس ملکوں میں سب سے پہلا ملک ناروے ہے اور جرمنی دسویں پوزیشن پر ہے۔ بیالیس ملکوں میں جاپان، متحدہ عرب امارت، قطر اور بحرین کے نام بھی شامل ہیں۔ رپورٹ اپنے مختلف اعداد و شمار کے مطابق انتہائی دلچسپ اور معلوماتی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں