ایشین گیمز میں پاکستان کی کارکردگی
22 نومبر 2010ایشین گیمز: کرکٹ مقابلے
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ندا راشد نے بنگلہ دیش کے خلاف ویمن کرکٹ کے فائنل میں نصف سنچری بنانے سے پہلے تین وکٹیں لیکر پاکستانی خواتین سپورٹس کی نئی تاریخ رقم کی۔
مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد ندا نے اپنے آبائی شہر پہنچ کر ریڈیو ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ یہ کامیابی پاکستانی خواتین ایتھلیٹس کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا،’ ہم نے اتنا بڑا کارنامہ انجام دے کر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی خواتین بھی کسی سے کم نہیں کیونکہ ہمیشہ ہم سے کوئی توقع نہیں رکھی جاتی مگر اب دوسرے کھیلوں میں بھی خواتین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔‘
پنجاب یونیورسٹی لاہور میں زیر تعلیم ایم ایس سی کی طالبہ ندا راشد نے بتایا کہ تعلیم کے ساتھ کھیل میں کامیابی پاکستانی ٹیم کے کوچزاورساتھی کھلاڑیوں کی معاونت کا نتیجہ ہے۔
پاکستان خواتین کرکٹرز نے فائنل میں بنگلہ دیش کو ہرانے سے پہلے تھائی لینڈ، چین اور جاپان کو باآسانی زیر کیا تھا۔ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر سے جب کامیابی کا راز دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنی ذات سے ماوراء ہو کر کھیل پیش کیا۔ ثناء میر کا کہنا تھا پاکستانی ٹیم کو اگر زیادہ بین الاقوامی میچز کھیلنے کا موقع ملے تو یہ ٹیم اگلے چند برس میں دنیا کے چارصف اول کی ٹیموں میں آسکتی ہے۔
پیر کے روز پاکستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے بھی میزبان چین کو 128 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ کپتان خالد لطیف کی شاندار سینچری سے تقویت پاکر پاکستانی نے مقررہ 20 اوورز میں 183 رنز اسکور کئے جس کے جواب میں چین کی ٹیم 55 رنز ہی بنا سکی۔
سکواش میں پاکستان کی کارکردگی
سکواش میں پاکستان کےعامر اطلس خان نے سیمی فائنل میں دفاعی چمپیئن ملائیشیا کے بینگ ہی کو شکست دے کر سنسنی پھیلائی مگر فائنل میں ان کی ملائیشیا کے ہی اذلان سکندر کے ہاتھوں شکست نے 12 برس بعد پاکستان کے گولڈ میڈل جیتنے کے امکان کو ختم کر دیا۔ واضح رہے کہ ایشین گیمز میں سلور میڈل جیتنے والے 20 سالہ عامر اطلس خان سابق عالمی چمپیئن جان شیر خان کے بھانجے ہیں۔
ہاکی سے وابستہ امیدیں
ہاکی میں بھارت کے خلاف گروپ میچ کی ناکامی نے پاکستان کو پہلا سیمی فائنل دفاعی چمپیئن جنوبی کوریا کے خلاف کھیلنے پر مجبور کر دیا ہے۔ بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان اور جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیموں کے درمیان منگل کو ہونے والے پہلے سیمی فائنل کی بابت سابق اولمپین اور70 کے عشرے میں پاکستان کو متواتر تین ایشین گیمز گولڈ جتوانے والے شہناز شیخ کہتے ہیں، ’پاکستان کو فتح کے لئے جارحانہ حکمت عملی کی ضرورت ہو گی۔‘ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کے خلاف سیمی فائنل ہی دراصل پاکستان کے لئے فائنل ہے۔
ووشو میں چاندی کا تمغہ
چائنا گیمزمیں پاکستانی دستے کےلئے سب سے خواشگوار حیرت کا باعث اعجاز احمد کا ووشو کے 75 کلوگرام ایونٹ میں چاندی کا تمغہ بنا۔ 29 سالہ اعجاز احمد نے منگولیا اور ترکمانستان سے تعلق رکھنے والے اپنے حریفوں کو شکست دے کر ملکی مارشل آرٹس کھیلوں کی نئی تاریخ رقم کی۔
باکسنگ میں ناکامی
مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کے تمام سات باکسرز ایشین گیمز سے خالی ہاتھ لوٹ رہے ہیں۔ ایونٹ میں عامرخان اور ارشد حسین کے علاوہ کامن ویلتھ کے برانز میڈلسٹ محمد وسیم دوسرے راؤنڈ میں ہی ہمت ہار گئے تھے۔
ٹینس مقابلے
ٹینس میں بھی اعصام الحق کے آخری موقع پر کھیلوں میں شرکت سے انکار کے بعد عقیل خان بھی دوسرے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکے۔
ایشین گیمز کے گیارویں روز کے اختتام پر پاکستانی دستہ چار میڈلز کے ساتھ تمغوں کی دوڑ میں سترویں نمبر پر ہے اور آنے والے دنوں میں اسکے ہاکی، کرکٹ اور پہلوانی میں میدان مارنے کا قوی امکان ہے۔
رپورٹ: طارق سعید، کراچی
ادارت: عاطف بلوچ