1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایف سولہ شامی میزائل سے تباہ ہوا، اسرائیلی اہلکار

عاطف بلوچ، روئٹرز
10 فروری 2018

شام میں ایف سولہ طیارے کی تباہی کے بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام میں شدید بمباری کی ہے۔ اس تازہ کشیدگی کے بعد روس کا کہنا ہے کہ فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔

https://p.dw.com/p/2sRok
Israel F-16 Jet Kampfflugzeug
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Hollander

اسرائیلی حکام نے تصدیق کر دی ہے کہ شام میں کارروائی کے دوران تباہ ہونے والے اسرائیلی جنگی طیارے کو شامی فوج نے ہی نشانہ بنایا تھا۔ ادھر شامی صدر بشار الاسد کے حامی ملیشیا گروہوں نے خبردار کیا ہے کہ ان اسرائیلی حملوں کے ‘سنگین نتائج‘ برآمد ہوں گے۔

اسرائیل کا ایف سولہ جنگی طیارہ شام میں تباہ ہو گیا

اسرائیلی جیٹ طیاروں نے حملہ کیا ہے، شامی فوج

اسرائیل نے حملے کیے ہیں، شامی فوج کا دعویٰ

دمشق حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے یہ طیارہ مار گرایا۔ ادھر اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز شمالی اسرائیل میں گر کر تباہ ہونے والے لڑاکا طیارے کو شامی میزائل کے ذریعے ہی نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ طیارہ شام میں اپنا مشن انجام دینے کے بعد واپس جا رہا تھا، جب سے مار گرایا گیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے اسرائیلی دفاعی عہدیدار کا نام ظاہر کیے بغیر بتایا ہے کہ اسرائیل کے مطابق ایف سولہ لڑاکا طیارے کو طیارہ شکن میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ طیارہ شامی علاقے میں ایرانی عسکری تنصیبات پر حملے کے بعد واپس جا رہا تھا۔ 

شام میں اسرائیلی فضائیہ کی تباہی کو شام جنگ میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے شام میں شروع ہونے والے بحران کے بعد سن 2013 سے متعدد مرتبہ اسرائیل میں ایران اور اس کے اتحادی حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ شام پر حملے کے دوران کسی اسرائیلی جنگی طیارے کو اس طرح تباہ کیا گیا ہو۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یہ تازہ کارروائی دراصل شام میں ایرانی ڈرون مشن کے خلاف سر انجام دی گئی۔ تاہم شامی حکومت نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ کوئی ڈرون طیارہ اسرائیلی سرحدی حدود میں داخل ہوا۔ ایک بیان کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے حمص کے صحرائی علاقے میں واقع ایک ڈرون سینٹر کو نشانہ بنایا۔

بتایا گیا ہے کہ اس ایئر بیس میں ڈرون طیارے دراصل اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس بیان میں خبردار کیا گیا کہ اس طرح کے ’دہشت گردانہ اعمال‘ کے جواب میں اسرائیل کو سخت اور شدید ردعمل کا سامنا ہو گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہوئے ایک بیان میں اسرائیل کے اس دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے نتیجے میں شام میں ایک ایرانی ڈرون مار گرایا ہے۔

ادھر اسرائیلی فوج کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ خطے میں تناؤ بڑھانے کے حق میں نہیں ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دفاعی کارورائی خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے خلاف کی گئی۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ہفتے کے دن شام میں بارہ مختلف حملے کیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں شام میں ایرانی عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

قبل ازیں خبر رساں ادارے روئٹرز نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے دس فروری بروز ہفتہ بتایا ہے کہ ملکی فضائیہ نے شام میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کے دوران اسرائیلی فضائیہ کا ایک ایف سولہ طیارہ تباہ ہو گیا تھا۔ اس تازہ کشیدگی پر روس نے فریقین سے کہا ہے کہ وہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔