1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 این اے 120، اصل مقابلہ یاسمین راشد اور کلثوم نواز کے درمیان

صائمہ حیدر
17 ستمبر 2017

پاکستان کےشہر لاہور میں ملک کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سپریم کورٹ کی جانب سے نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن آج ہو رہا ہے۔ اس نشست کے لیے نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز بھی مضبوط امیدوار ہیں۔

https://p.dw.com/p/2k7dj
Kulsoom Nawaz Maryam Nawaz Sharif 2013
تصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images

 ملکی عدالت عالیہ کی جانب سے اٹھائیس جولائی کو  نااہل قرار دیے جانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز این اے 120 سے مسلم لیگ نون کی طرف سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ سڑسٹھ سالہ بیگم کلثوم نواز شریف آج کل گلے کے سرطان کے علاج کے لیے لندن میں ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اتوار سترہ ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج  پاکستان کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

حکمران جماعت مسلم لیگ نون نے اپنی انتخابی مہم میں توجہ سپریم کورٹ کے اُس فیصلے پر مرکوز رکھی جس میں میاں محمد نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔ مسلم لیگ نون نے انتخابی مہم کے دوران جلسوں میں لوگوں سے کہا کہ وہ معزول وزیر اعظم کی اہلیہ کو منتخب کر کے عدالتِ عالیہ کے فیصلے کو مسترد کر دیں۔

Pakistan Wahlen in Lahore im Wahlbezirk von Sharif
تصویر: Reuters/M. Raza

سن 2016 میں پاناما پیپرز کے منظر عام پر آنے کے بعد نواز شریف، اُن کے صاحبزادوں، بیٹی مریم اور اُن کے شوہر کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر سمیت مسلم لیگ نون کے رہنما اسحاق ڈار کے خلاف تحقیقات کا آغاز ہوا تھا اور اٹھائیس جولائی سن 2017 کو ملکی عدالت عظمیٰ نے نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا۔

نواز شریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دی تھی جسے دو روز قبل ہی عدالت کی جانب سے مسترد کر دیا گیا تھا۔ ہمیشہ سے مسلم لیگ نون کا گڑھ رہنے والے این اے 120 کے حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں چوالیس امیدوار حصہ لے رہے ہیں تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اصل مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد اور بیگم کلثوم نواز شریف کے درمیان ہے۔